Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت و فرانس میں دفاعی و سکیورٹی تعاون پر اتفاق، اعلامیہ جاری

فریقین نے شامی بحران کے سیاسی حل تک رسائی کو ناگزیر قرار دیا (فوٹو: ٹوئٹر)
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ فرانس کے موقع پر جاری اختتامی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مملکت اور فرانس میں دفاعی و سکیورٹی تعاون کے استحکام پر اتفاق کیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں نے  پیرس میں مذاکرات کے بعد اس عزم کا اظہار کیا کہ فریقین دونوں ملکوں کے مفادات اور مشرق وسطی کے امن و استحکام کو درپیش خطرات کا پابندی سے جائزہ لیں گے۔
فریقین میں دہشتگردی اور اس کی فنڈنگ کے انسداد، ہر طرح کے جرائم کے سدباب، تجربات کے تبادلے اور دفاع کے شعبوں میں ایک دوسرے سے بھرپور تعاون پر اتفاق کیا گیا ہےاس حوالے سے شراکتی روابط استوار کیے جائیں گے۔ 
مشترکہ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ فریقین نے تمام شعبوں میں تاریخی اور سٹریٹیجک تعلقات کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور دونوں ملکوں کے درمیان شراکتی سرمایہ کاری بڑھانے کی حکمت عملی کا جائزہ لیا۔
علاقائی و بین الاقوامی حالات حاضرہ پر تبادلہ خیال کیا۔ اقتصادی و سرمایہ کاری تعاون کی رفتار بڑھانے کے موضوع پر بات چیت کی گئی۔
تجدد پذیر توانائی اور ماحول دوست ہائیڈروجن کے  شعبے میں تعاون بڑھانے، ماحولیاتی معاہدوں پر عمل درآمد، کاربن کے اخراج کو روکنے پر توجہ مرکوز کرنے کے حوالے سے بامقصد گفتگو ہوئی۔ 
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ فریقین نے سٹریٹیجک شراکت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی حکمت عملی، توانائی کی عالمی منڈیوں میں استحکام کی ضرورت اور دنیا بھر کے ملکوں کے لیے گندم سمیت غذائی اشیا کی مسلسل ترسیل کا جائزہ لیا گیا۔
غذائی اشیا کی فراوانی برقرار رکھنے اور نرخوں میں استحکام پر بھی زور دیا گیا۔ بین الاقوامی تنازعات پرامن سفارتی ذرائع سے حل کرنے کو ناگزیر قرار دیا گیا۔
 فرانس نے یمن میں جنگ بندی کے سمجھوتے سے متعلق سعودی عرب کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے مملکت کی حمایت کی جبکہ سعودی عرب نے بحران کے جامع سیاسی حل تک رسائی کے لیے اقوام متحدہ کی کوششوں کی حمایت پر فرانس کا شکریہ ادا کیا۔ 

اقتصادی و سرمایہ کاری تعاون میں اضافے پر بات چیت کی گئی۔ (فوٹو، ایس پی اے)

فریقین نے لبنان کی خودمختاری اور امن و استحکام کی حمایت پر مذاکرات کیے۔ وہاں جامع سیاسی و اقتصادی اصلاحات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ سعودی فرانسیسی فنڈ کے کردار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ یہ فنڈ لبنان میں انسانی بنیادوں پر شفاف انداز میں سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ 
فرانس اور سعودی عرب نے مسئلہ  فلسطین کے جامع و منصفانہ حل تک رسائی کے لیے کی جانے والی کوششیں دو ریاستی حل کے اصول کے مطابق تیز کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ 
فریقین نے شامی بحران کے سیاسی حل تک رسائی کو ناگزیر قرار دیا۔ فرانس اور مملکت نے ایران کو ایٹمی طاقت بننے سے روکنے اور اس کے ایٹمی پروگرام کو پرامن بنائے رکھنے کے لیے کی جانے والی عالمی کوششوں سے اتفاق کیا۔ ایران سے کہا گیا کہ وہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی سے بھرپور تعاون کرے۔ ہمسائیگی کے اصولوں پر عمل پیرا رہے اور خطے کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرے۔ 

شیئر: