ویڈیوز کے لیے نئے آئیڈیاز، ٹک ٹاک کا ’کریئیٹر پورٹل‘ متعارف
منگل 2 اگست 2022 6:27
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
کرییٹرز پورٹل پر موجود تربیتی مواد کو پانچ حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن ٹک ٹاک نے پاکستان میں کریئیٹر پورٹل متعارف کرایا ہے جہاں ایپ کے لیے مواد تیار کرنے والوں کے لیے تمام تربیتی وسائل ایک جگہ پر مہیا کیے گئے ہیں۔
پیر کو کیے گئے اعلان میں ٹک ٹاک کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر اکاؤنٹ ’ٹک ٹاک کریئیٹرز پاکستان‘ کے ذریعے پورٹل پر دستیاب تمام مواد تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔
تربیتی مقاصد کے لیے متعارف کردہ پورٹل پر ویڈیوز کے ذریعے کریئیٹرز کی رہنمائی کی گئی ہے کہ وہ اپنے مواد کو کیسے بہتر کر سکتے ہیں۔
کرییٹر پورٹل کی مدد سے ایپ صارفین کو قصہ گوئی (سٹوری ٹیلنگ)، کمیونٹی تشکیل دینے اور مختلف ماڈیولز تک رسائی ملے گی۔ ٹک ٹاک کی کمیونٹی گائیڈلائنز پر بھی ایک تفصیلی ماڈیول مہیا کیا گیا ہے تاکہ پاکستانی کریئیٹر ان رہنما ہدایات کو بہتر طور پر سمجھ سکیں اور کنٹینٹ تیار کرتے ہوئے اُن پر عمل کر سکیں۔
ٹک ٹاک کے مطابق ایپ پر مواد تیار کرنے والے افراد ’وہ قوت ہیں جو ایپلی کیشن کو ایسی خوشگوار جگہ بناتے ہیں جہاں لاکھوں افراد تفریح کے ساتھ اور بہت کچھ سیکھنے کے لیے بھی آتے ہیں۔‘
ایپلیکیشن کو توقع ہے کہ نئے پورٹل کی وجہ سے اس پر مواد تخلیق کرنے والوں کو نئے آئیڈیاز ملیں گے۔
کرییٹر پورٹل پر مواد کو پانچ حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان میں ’ٹک ٹاک پر ابتدا‘، ’ٹک ٹاک پر تخلیق کے لوازمات‘، ’ٹک ٹاک پر کامیابی کے لیے بنیادی باتیں‘، ’ٹک ٹاک پر مواد کی حکمت عملی‘ اور ’کمیونٹی رہنما اور حفاظتی تدابیر‘ شامل ہیں۔
ایپلیکیشن کے مطابق ’یہ پورٹل پاکستان میں ٹک ٹاکرز کی رہنمائی کے لیے ایسی ویڈیوز پیش کرے گا جو پلیٹ فارم سے بہتر فائدہ اٹھانے میں اُن کی مدد کر سکیں۔‘