Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوم ' لائن سٹی' کی تعارفی نمائش کا جدہ سپر ڈوم میں انعقاد

نیوم نے جدہ کے سپر ڈوم میں ایک شاندار نمائش کا آغاز کیا ہے جس میں حال ہی میں اعلان کردہ انتہائی خوبیوں سے مالا مال دی لائن سٹی کا ڈیزائن عام عوام کے سامنے رکھا جائے گا۔
عرب نیوز کے مطابق قدرتی ماحول سے ہم آہنگ دی لائن سٹی کے حوالے سے شہری ترقیاتی منصوبے کے دائرہ کار، تعمیراتی تصور اور تفصیلی ترقیاتی منصوبے سے متعلق یہاں آنے والوں کو بہتر طریقے سے سمجھنے میں مدد ملے گی۔
یکم اگست سے جدہ کے سپر ڈوم میں شروع ہونے والی اس منفرد نمائش میں روزانہ کی بنیاد پر عربی اور انگریزی زبانوں میں 50 گائیڈڈ ٹورز رکھے گئے ہیں جو زائرین کی بھرپور رہنمائی کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے نیوم منصوبے کے جدید ترین شہر لائن سٹی کے ڈیزائن کا انکشاف کیا گیا تھا۔
دی لائن سٹی  کی سب سے اہم خصوصیات میں یہ ہےکہ یہ لائن 200 میٹر چوڑی، 170 کلومیٹر لمبی اور 500 میٹر اونچی ہو گی۔ یہاں پر تقریبا 9 ملین افراد رہائش اختیار کر سکیں گے۔ پورے شہر کا مجموعی رقبہ 34 مربع کلومیٹر پر مشتمل ہو گا۔
یہ شہرعام  دیگر شہروں کے مقابلے میں کم رقبے پر تیار کیا جائے گا اور  نیوم کی 95 فیصد زمین کو محفوظ کرنے میں مدد کرے گا۔
لائن سٹی ایک ایسا تصور ہے جہاں مستقبل میں سڑکوں، کاروں اور دیگر ٹرانسپورٹ سے کاربن کی آلودگی سے پاک  نظام، ماحول دوست اور  دنیا بھر کے لیے قابل تقلید ہو گا۔

شہر کے 34 مربع کلومیٹر رقبے پر9 ملین افراد رہائش اختیار کر سکیں گے۔ فوٹو عرب نیوز

سعودی وژن 2030 کے تحت اس اہم منصوبے کو  مکمل طور پر قابل تجدید توانائی سے چلایا جائے گا  اور یہاں نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے پر انسانی صحت  اور بہبود کو ترجیح دی جائے گی۔
اس نمائش میں زائرین کے لیے مستقبل میں جدید شہر میں زندگی گزارنے کے امکانات  پر غور  کرنے کے لیے منفرد انداز سے روشنی ڈالی جائے گی۔
جدہ کے سپر ڈوم میں لائن سٹی نمائش 14 اگست تک جاری رہے گی جس کے بعد ایسٹرن ریجن اور دارالحکومت ریاض میں بھی اس نمائش کا انعقاد ہوگا۔
 

شیئر: