عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت حج و عمرہ کے ترجمان نے ٹوئٹر پر بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کے نام پیغام میں کہا ہے کہ بغیر لائسنس ہولڈر کمپنیوں سے کسی قسم کا لین دین نہ کیا جائے۔ اپنے ملک کے لائسنس یافتہ ایجنٹ سے دریافت کرکے سعودی وزارت کی ویب سائٹ سے رجوع کریں۔
وزارت کے ترجمان ھشام سعید نے کہا کہ بیرون مملکت سے مختلف ویزوں پرآنے والوں کو عمرہ کا موقع دیا جائے گا۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ھشام سعید نے کہا کہ حج موسم 1443 کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد گذشتہ سنیچر سے نیا عمرہ سیزن کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔
ھشام سعید نے مزید کہا کہ بیرون مملکت سے عمرہ یا کسی اور ویزے پر آنے والوں کو عمرہ پرمٹ کا اجرا شروع کر دیا گیا ہے۔ سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو بھی عمرہ پرمٹ دیے جا رہے ہیں۔
وزارت حج و عمرہ کے ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’خلیجی تعاون کونسل میں شامل ممالک کے باشندے اعتمرنا ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ عمرے کے لیے بکنگ کرا سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں مسجد نبوی میں روضہ شریفہ میں نماز کا پرمٹ بھی حاصل کرسکتے ہیں۔‘