مسجد نبوی میں زائرین کے لیےخدمات کا معیارمزید بہتر
زائرین کا خیر مقدم اعلی درجے کی خوشبویات کے ذریعے کیا جارہاہے(فوٹو،ایس پی اے)
مسجد نبوی کی انتظامیہ نےعمرہ سیزن 1444ھ شروع ہونے پر مدینہ منورہ آنے والے زائرین کو روضہ شریفہ میں نماز کی سہولت فراہم کرنے اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نیز ابوبکر صدیق اور عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہما کی خدمت میں صلاۃ و سلام پیش کرنے کی سہولت پیدا کرنے کے لیے مزید انتظامات کیے ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق انتظامیہ نےمسجد نبوی کے صحنوں میں سائبانوں کی سہولت بڑھا دی ہے جبکہ وہاں آب و ہوا کو تروتازہ رکھنے کے لیے صحنوں میں پھوار والے پنکھوں میں بھی اضافہ کردیا ہے۔
مسجد نبوی میں تمام مقامات پر آب زمزم کے کولرز کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں آب زمزم کی بوتلیں بھی تقسیم کی جارہی ہیں۔
مسجد نبوی کی انتظامیہ نے عمارت کے اندر صحنوں اور متعلقہ عمارتوں میں صفائی، دھلائی اور سینیٹائزنگ کے عمل کوبھی بہترکیا۔
مسجد نبوی میں اعلی درجے کے قالین بچھائے گئے۔ ہر نماز کے بعد قالینوں کی صفائی کرکے انہیں معطر بھی کیا جاتا ہے۔ زائرین کا خیر مقدم اعلی درجے کی خوشبویات کے ذریعے کیا جارہا ہے۔