عمران خان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے: مولانا فضل الرحمان
عمران خان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے: مولانا فضل الرحمان
بدھ 3 اگست 2022 15:34
مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ’الیکشن کمیشن عمران خان سے بلیک میل نہیں ہوا اور فیصلہ جاری کر دیا‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پی ڈی ایم کے سربراہ اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ’عمران خان پاکستان کی تاریخ کے نااہل حکمراں ثابت ہوئے۔‘
بدھ کو اسلام آباد میں پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’عمران خان نے الیکشن کمیشن کے سامنے جھوٹا بیان حلفی جمع کروایا، یہ آئین کی خلاف ورزی ہے۔‘
’سپریم کورٹ آئین کی خلاف ورزی پر پہلے بھی لوگوں کو نااہل قرار دے چکی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’الیکشن کمیشن کا فیصلہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف فرد جرم ہے۔‘
انہوں نے دعوٰی کیا کہ ’حقائق سے ثابت ہو چکا کہ عمران خان غیرملکی کٹھ پتلی ہیں۔ انہوں نے اسرائیل اور انڈیا سے مدد لی۔‘
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’اب آئین اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔‘
’عمران خان الیکشن کمیشن کو بلیک میل کر رہے ہیں، الیکشن کمیشن بلیک میل نہیں ہوا اور فیصلہ جاری کر دیا۔‘
الیکشن کمیشن کے فیصلے پر پی ٹی آئی کے ردعمل پر انہوں نے کہا کہ پہلے انہوں نے جشن منایا اور جب ہوش آیا تو الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کا اعلان کر دیا۔
پی ڈی ایم سربراہ نے مطالبہ کیا کہ ’الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد عمران خان اور صدر پاکستان عارف علوی کو فوری استعفٰی دے دینا چاہیے۔‘
واضح رہے کہ منگل کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے میں قرار دیا تھا کہ ’پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈز حاصل کیے۔‘
’الیکشن کمیشن سے 16 ایسے اکاؤنٹس چھپائے گئے جو جماعت کی اعلٰی قیادت چلا رہی تھی۔ عمران خان کے بیان حلفی میں غلط بیانی کی گئی ہے۔‘
الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو فنڈز ضبط کرنے کے لیے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید قانونی کارروائی کے لیے کیس وفاقی حکومت کو بھیج دیا تھا۔