انڈیا کے لیے کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل نہ جیت پانے پر دلبرداشتہ خاتون ریسلر کا حوصلہ بڑھاتے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ’آپ کے میڈل پر جشن بنتا ہے، معذرت نہیں۔‘
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق انڈیا کی جانب سے پوجا گہلوٹ نے 50 کے جی کی کیٹگری کے مقابلوں میں حصہ لیا تھا تاہم وہ سونے کا تمغہ حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔
پوجا گہلوٹ نے اپنے ملک سے تعلق رکھنے والوں سے معذرت کی تھی کہ اس کی وجہ سے ایونٹ میں انڈیا کا قومی ترانا نہیں گونج سکا۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کانسی کا میڈیل حاصل کرنے کے بعد جیسے ہی کیمرے کا سامنا کیا تو اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور روتے ہوئے کہا ’میں اپنی غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش کروں گی۔‘
پوجا نے یہ بھی کہا کہ ’میری خواہش تھی اس موقع پر ہمارے ملک کا قومی ترانہ بجے، مگر ۔۔۔۔۔۔۔‘
اس کے ساتھ ہی وہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور ان کے آنسو بہہ نکلے۔
ان کی یہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد بے شمار انڈینز نے ان کے جذبے کو سراہا اور حوصلہ دیا جن میں ملک کے وزیراعظم نریندر مودی بھی شامل ہیں۔
انہوں نے اتوار کو ٹویٹ میں پوجا کو مخاطب کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’آپ کی زندگی کا سفر حوصلہ افزا ہے، آپ کی کامیابی نے ہمیں خوش کیا، راستے میں اہم چیزیں آپ کی منتظر ہیں۔‘
Pooja, your medal calls for celebrations, not an apology. Your life journey motivates us, your success gladdens us. You are destined for great things ahead…keep shining! ⭐️ https://t.co/qQ4pldn1Ff
— Narendra Modi (@narendramodi) August 7, 2022