غیر قانونی طریقے سے رقم بھجوانے والا سپینی گرفتار
ملزم کے قبضے سے 3 لاکھ ریال سے زائد رقم برآمد ہوئی(فوٹو، ٹوئٹر)
جدہ پولیس نے غیر قانونی طریقے سے ترسیل زر میں ملوث سپینی شہری کو گرفتار کرلیا۔ اس کے قبضے سے 3 لاکھ 5 ہزار ریال سے زیادہ برآمد کرلیے گئے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق جدہ پولیس کا کہنا ہے کہ غیر قانونی ترسیل زر میں ملوث مقیم غیرملکی کا تعلق سپین سے ہے۔ اس نے تجارتی کمپنی کے اکاؤنٹ میں رقم جمع کرائی اورغیرقانونی طریقے سے کمپنی کے اکاؤنٹ سے رقم بیرون مملکت بھجوائی۔
اکاؤنٹ میں جو رقم جمع کرائی تھی وہ نامعلوم ذرائع سے حاصل کی گئی تھی۔ اس کی بابت تفصیلات دریافت کی جارہی ہیں۔
جدہ پولیس نے مزید بتایا کہ سپینی شہری کے قبضے سے 3 لاکھ 5 ہزار893 ریال برآمد ہوئے۔ اسے قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دے دیا گیا۔
یاد رہے کہ جدہ پولیس نے جولائی 2022 کے دوران اسی قسم کے ایک کیس میں مصری شہری کو گرفتار کیا تھا جس نے نامعلوم ذرائع سے رقم جمع کرکے غیر قانونی طریقے سے مملکت سے بھجوائی تھی۔ اس نے بھی ترسیل زر کے لیے ایک تجارتی ادارے کا اکاؤنٹ استعمال کیا تھا۔
سعودی سیکیورٹی فورسز ان دنوں غیر قانونی ترسیل زر کی غیر قانونی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔