منی لانڈرنگ پر 6 افراد کو 31 سال قید 152 ملین ریال جرمانہ
’غیر ملکی بیرون ملک رقوم ارسال کیا کرتے تھے جبکہ اس کے مقابل شہریوں کو ماہانہ 10 ہزار ریال دیا کرتے تھے‘ (فوٹو: سبق)
سعودی پبلک پراسیکیوشن نے منی لانڈرنگ کا الزام ثابت ہونے پر 6 افراد کو مجموعی طور پر31 سال قید اور 152 ملین ریال جرمانے کی سزا دلوائی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق جرمانے کی یہ رقم اس رقم کے مساوی ہے جو انہوں نے غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک ارسال کی ہے۔
پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ ’تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ دو شہریوں نے جو تجارتی ادارے چلاتے تھے غیر ملکیوں کو ان کے بینک اکاؤنٹ استعمال کرنے کی اجازت دے رکھی تھی‘۔
’غیر ملکی ان کے اکاؤنٹ استعمال کرتے ہوئے بیرون ملک رقوم ارسال کیا کرتے تھے جبکہ اس کے مقابل شہریوں کو ماہانہ 10 ہزار ریال دیا کرتے تھے‘۔
’شہریوں نے ان کے تجارتی اداروں کے نام پر محض اکاؤنٹ کھولے ہوئے تھے جبکہ حقیقت میں ان کا کوئی تجارتی ادارہ نہیں تھا‘۔
پبلک پراسیکیوشن نے کہاہے کہ ’مذکورہ افراد کو عدالت میں پیش کیا گیا تو شہریوں کو جیل کی سزا سنائی گئی جبکہ رہائی کے بعدقید کی مماثل مدت کے لیے انہیں بیرون ملک سفر سے منع کردیا گیا ہے‘۔
’جبکہ غیر ملکیوں کو قید کی مدت گزارنے کے بعد ملک سے بیدخل کرنے کی سزا سنائی گئی ہے‘۔
ادارے نے کہا ہے کہ ’مذکورہ افراد کی گرفتاری پبلک پراسیکیوشن، محکمہ زکاۃ و کسٹم اور سعودی مرکزی بینک کے تعاون سے عمل میں لائی گئی ہے‘۔