مملکت غیرملکی لیبر کو راغب کرنے میں عالمی سطح پر تیسرے نمبر پر
ہیومن ریسورسز کے شعبے کی مالیت عالمی مارکیٹ کا محض 0.4 فیصد ہے۔ (فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کے ہیومن ریسورسز کے شعبے کی مالیت بین الاقوامی مارکیٹ کا محض 0.4 فیصد ہے اس کے باوجود مملکت غیرملکی لیبر کو راغب کرنے میں عالمی سطح پر تیسرے نمبر پر ہے۔
عرب نیوز کے مطابق فیڈریشن آف سعودی چیمبرز کے جاری کردہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ ہیومن ریسورسز مارکیٹ صرف 6 بلین ریال سے زیادہ ہے جبکہ بین الاقوامی ہیومن ریسورسز مارکیٹ کا تخمینہ 1.5 ٹریلین ریال ہے۔
فیڈریشن آف سعودی چیمبرز نے ہیومن ریسورسز سیکٹر کے نسبتاً چھوٹے سائز کی وجہ سے مارکیٹ کے سائز اور دستیاب مواقع کا جائزہ لے کر لیبر لیزنگ کے میدان میں مدد فراہم کرنے کے لیے مالیاتی اداروں کے لیے اپنے مطالبے کو دہرایا ہے۔
یہ مطالبہ اس وقت سامنے آیا جب قومی کمیٹی برائے ہیومن ریسورسز کی کمپنیوں نے سعودی مارکیٹ میں کاروباری شعبے اور افراد دونوں کے لیے لیبر لیزنگ سروسز کی مالی اعانت اور تنصیب کے لیے اپنے انیشیٹو کا انکشاف کیا۔
اس انیشیٹو کا مقصد بینکوں اور مختلف مالیاتی اداروں کو سعودی مارکیٹ میں لیز کے لیے فنانسنگ مصنوعات اور قسطوں کی خدمات فراہم کرنے کے لیے دباؤ ڈالنا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ہیومن ریسورسز کمپنیوں نے ان سٹڈیز کا جائزہ لیا جو یہ ثابت کرتے ہیں کہ کلائنٹس کو لیبر لیزنگ اور قسطوں کی خدمات کی مالی اعانت کی ضرورت ہے۔
ہیومن ریسورسز کمپنیوں نے نشاندہی کی کہ ان کمپنیوں کا لیبر مارکیٹ میں اچھا حصہ ہے اور وہ مختلف جدید خدمات اور مصنوعات مہیا کرتی ہیں۔
ہیومن ریسورسز کمپنیوں نے کہا کہ وہ مملکت کے تمام ریجنز میں موجود ہیں اور مختلف کاموں کو منظم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجیز اور سسٹمز میں لاکھوں ریال کی سرمایہ کاری کر چکی ہیں۔