پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل نے ضمانت کے لیے درخواست دائر کر دی
شہباز گِل نے درخواست میں کہا ہے کہ ان کے خلاف ایک جھوٹی ایف آر درج کی گئی ہے۔ (فوٹو: پی آئی ڈی)
اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر شہباز گِل نے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کر دی۔
سنیچر کو شہباز گِل نے سیشن کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ مقدمہ سیاسی انتقام کا نشانے بنانے کی وجہ سے درج کیا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ پولیس ایک بھی الزام اب تک ثابت نہیں کرسکی جبکہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لیے ایک جھوٹی ایف آر درج کی گئی ہے۔
اسلام آباد کی سیشن عدالت نے پراسیکیوٹر اور تفتیشی افسر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے پیر کو درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی ہے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے وکیل چوہدری حسیب کو کیس میں سپیشل پراسیکیوٹر تعینات کر دیا ہے۔
وفاقی وزارت داخلہ نے سپیشل پبلک پراسیکیوٹر کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
چوہدری حسیب شہباز گِل کے خلاف بغاوت پر اکسانے اور دیگر دفعات پر قائم مقدمات کی پیروی کریں گے۔
واضح رہے جمعے کو ڈاکٹر شہباز گِل کو اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔ جسے بعدازاں سیشن عدالت میں چیلنج کیا گیا تاہم پولیس کی جانب سے شہباز گِل کو مزید جسمانی ریمانڈ میں دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سیشن سیشن کورٹ نے بھی شہباز گِل کو جیل بھیجنے کے احکامات دیے تھے۔