’دا لاین فیوچر سٹی‘ کا منفرد ڈیزائن توجہ کا مرکز، نمائش اختتام پذیر
’دا لاین فیوچر سٹی‘ کا منفرد ڈیزائن توجہ کا مرکز، نمائش اختتام پذیر
پیر 15 اگست 2022 5:26
دا لاین میں انسانی صحت اور خوشحالی کو اوپر رکھا جائے گا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں ’دا لاین فیوچر سٹی‘ نمائش اتوار کو جدہ سپرڈوم میں اختتام پذیر ہو گئی۔ 14 روز تک جاری رہنے والی نمائش دیکھنے کے لیے ہزاروں مقامی شہری اور مقیم غیرملکی آئے۔ شائقین کو انگریزی و عربی گائیڈز نے رہنمائی فراہم کی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ’دا لاین فیوچر سٹی‘ کے منفرد ڈیزائن میں شائقین نے بڑی دلچسپی لی۔ فیوچر سٹی کے ڈیزائن کا سارا زور انسان اور اس کے لیے مطلوبہ سہولتوں پر ہے۔
دا لاین سٹی کا عرض 200 میٹر اور لمبائی 170 کلو میٹر ہوگا۔ یہ سطح سمندر سے 500 میٹر کی بلندی پر آباد ہوگا۔
دا لاین مستقبل کے متمدم معاشروں کا ماڈل ثابت ہوگا۔ یہ شہر سڑکوں، گاڑیوں اور کاربن سے آزاد سو فیصد تجدد پذیر توانائی پر منحصر ہوگا۔ اس میں انسانی صحت اور خوشحالی کو سب سے اوپر رکھا جائے گا۔ یہاں روایتی شہروں کے برعکس بنیادی ڈھانچے اور ٹرانسپورٹ کو ترجیح نہیں دی جائے گی۔
دا لاین سٹی کا تعمیراتی رقبہ 34 مربع کلو میٹر سے زیادہ نہیں ہوگا۔ اس کی بدولت نیوم کا 95 فیصد قدرتی ماحول محفوظ رہے گا۔ یہاں نوے لاکھ افراد بسیں گے۔ اتنے بڑے حجم کے شہروں میں آبادی کا انتہائی ہدف اپنی مثال آپ ہوگا۔
دا لاین سٹی کے باشندے پانچ منٹ میں اپنے ہدف پر پیدل پہنچ سکیں گے۔ علاوہ ازیں شہر کے ایک حصے کو دوسرے حصے سے جوڑنے کے لیے تیز رفتار ٹرین چلائی جائے گی۔ یہ ٹرین شہر کے ایک حصے سے دوسرے حصے تک کا سفر20 منٹ کے اندر طے کر لے گی۔
جدہ سپرڈوم سے دا لاین فیوچر سٹی نمائش مشرقی ریجن منتقل ہوگی جس کے بعد دارالحکومت ریاض کا نمبر آئے گا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں