سرکاری حجاج کو ڈیڑھ لاکھ روپے فی کس حج سپورٹ رقم کی واپسی 17 اگست سے
وزیر مذہبی امور نے کہا کہ 34 ہزار 49 سرکاری حجاج کو رقوم کی واپسی کی اطلاع بذریعہ موبائل SMS کی جائے گی۔ (فوٹو: وزارت مذہبی امور)
سرکاری سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کرنے والے حجاج کو حسب وعدہ فی کس ڈیڑھ لاکھ روپے حج سپورٹ فنڈ کی رقم کی واپسی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ حج سپورٹ فنڈ کی مد میں سرکاری حجاج کرام کو 5 ارب اور 10 کروڑ سے زائد رقم کی تقسیم کا عمل 17 اگست سے شروع کیا جائے گا جو کہ 31 اگست تک مکمل ہوجائے گا۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق وزیر مذہبی امور نے کہا کہ 34 ہزار 49 سرکاری حجاج (بشمول دو ہزار اضافی حج کوٹہ) کو رقوم کی واپسی کی اطلاع بذریعہ موبائل SMS کی جائے گی۔
وزیر مذہبی امور نے سرکاری حجاج کرام کو ہدایت کی ہے کہ مقررہ وقت کے اندر اپنے متعلقہ بینک سے رابطہ کریں۔
’بینک کے عملے کو موبائل میسج ، اصل شناختی کارڈ، اصل پاسپورٹ اور اصل بینک رسید دکھانا لازم ہو گا۔ نامزد بینک حجاج کرام کی رقوم کی واپسی ان کی سہولت کے مطابق بذریعہ بینک اکاونٹ، پے آرڈر یا نقد کی صورت میں ادا کرنے کے پابند ہیں۔‘
بیان کے مطابق مفتی عبدالشکور نے کہا کہ وزارت مذہبی امور نے مختصر وقت میں حج 2022 کے اعلیٰ انتظامات کو ممکن بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ رواں برس حج کی نمایاں خصوصیات میں اسلام آباد ایئرپورٹ سے 15000 سے زائد سرکاری حجاج کو ’روٹ ٹو مکہ‘ کی سہولت، مکہ میں 10 سال کے بعد حرم کے قریب ترین رہائش گاہیں، تمام حجاج کو حرم ٹرانسپورٹ کی 24 گھنٹے بلا تعطل فراہمی، مدینہ میں تمام حجاج کو مرکزیہ میں 4 اور 5 سٹار ہوٹلوں کی فراہمی شامل ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ منیٰ کے مکاتب مجموعے کی شکل میں اور جمرات سے قریب لیے۔
’میدانِ عرفات میں پاکستانی مکاتب مسجد نمرہ اور جبل رحمت کے نزدیک اور مجموعے کی شکل میں حاصل کیے۔ حجاج کو قریبا 40 دن قیام کے دوران بہترین پاکستانی معیار کے تین وقت کھانے کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔‘