پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس نے کہا ہے 14 اگست کو غیرملکی خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعے میں ملوث چار مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
گرفتار ملزمان میں سجاد احمد، عدیل کریم، ریاض خان اور ذاکراللہ شامل ہیں۔ ملزمان ٹیکسلا کے رہائشی ہیں جن سے تفتیش جاری ہے۔
پولسی کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ویڈیوز بھی برآمد کرلی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں
-
اسلام آباد: جنگل میں راستہ بھولنے پر تین غیرملکی خواتین ہراساں
Node ID: 516166
-
-
واقعے کا مقدمہ سب انسپکٹر آصف علی کی مدعیت میں تھانہ آبپارہ میں درج کیا گیا تھا۔
قبل ازیں پولیس نے کہا تھا کہ ویڈیوز میں نظر آنے والے تمام ملزمان کی شناخت نادرا کے ذریعے کی جارہی ہے۔ ملزمان نے 14 اگست کی شام شکرپڑیاں پر ہراساں کرتے ہوئے ٹک ٹاک بنائیں تھیں۔
خیال رہے 14 اگست کو پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر اسلام آباد کے علاقے شکرپڑیاں میں واقع پاکستان مونومنٹ پر دو غیر ملکی خواتین کو ہراساں کیا گیا تھا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو غیرملکی خواتین کے اردگرد لوگ جمع ہیں اور ان کے اردگرد باجے بجائے جارہے ہیں اور ان پر فقرے بھی کسے جا رہے ہیں۔
ویڈیو میں کچھ ایسے لوگوں کی آوازیں بھی سنی جاسکتی ہیں جو ان خواتین کو اس مقام سے باحفاظت نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہیں ہراساں کرنے والوں کو سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اسلام آباد پولیس نے پیر کی رات کو اس واقعے کی ایف آئی آر درج کی تھی۔ مقدمے کے تفتیشی افسر آصف علی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ہم خواتین کو ہراساں کرنے والے افراد کی شناخت کے لیے تمام ذرائع استعمال کر رہے ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس نے مقدمہ وائرل ہونے والی ویڈیو کی بنیاد پر درج کیا ہے اور انہیں تاحال یہ نہیں پتہ چل سکا کہ ہجوم کی جانب سے ہراساں کی جانے والی خواتین کون ہیں اور ان کا تعلق کس ملک سے ہے۔
تفتیشی افسر نے مزید کہا کہ ’ہم غیرملکی خواتین کو ڈھونڈنے کی بھی کوشش کررہے ہیں تاکہ تفتیش میں مدد مل سکے۔ ہم بہت جلد انہیں تنگ کرنے والے افراد کے خلاف کارووائی کریں گے۔‘
دوسری جانب اسلام آباد کے انسپیکٹر جنرل (آئی جی) اکبر ناصر خان نے بھی واقعے کا نوٹس لیا ہے اور پولیس کو ہدایت جاری کی ہے کہ وائرل ہونے والی ویڈیو نادرا کو بھجوائی جائے اور ویڈیو میں موجود ملزمان کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کیا جائے۔
کیس کو ڈی آئی جی آپریشنز سہیل ظفر چٹھہ خود سپروائز کریں گے۔یہ ایک افسوس ناک اور مجرمانہ فعل ہے اور ہر طبقہ فکر کے لوگوں کو اس کی بھرپور مذمت کرنے کی ضرورت ہے۔
2/2#ICTP #OPS— Islamabad Police (@ICT_Police) August 15, 2022