Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہباز گل کے ڈرائیور کی گرفتاری، وزیر داخلہ نے پولیس کو بنی گالا ریڈ سے روک دیا

وزیر داخلہ نے نے شہباز گل کے ڈرائیور کی بیوی کی گرفتاری پر بھی آئی جی اسلام آباد سے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ (فائل فوٹو: پی آئی ڈی)
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے سعودی عرب سے آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے شہباز گل کیس سے متعلق تفصیلات حاصل کیں ہیں۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جمعے کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد کو شہباز گل کے ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے بنی گالا ریڈ کرنے سے روک دیا ہے۔‘
انہوں نے شہباز گل کے ڈرائیور کی بیوی کی گرفتاری پر بھی آئی جی اسلام آباد سے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے رانا ثنا اللہ کو بتایا کہ ’سابق وزیراعظم عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل کا ڈرائیور بنی گالا میں روپوش ہے۔ گرفتاری کے لیے بنی گالا ریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔‘
وزارت داخلہ کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے آئی جی کو ہدایت کی کہ بنی گالا کے مکینوں سے گفتگو کے ذریعے ڈرائیور کی حوالگی سے متعلق معاملہ حل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ’عدم تعاون کی صورت میں مجھے آگاہ کیا جائے اور بنی گالا ریڈ کرنے سے پہلے اجازت لی جائے۔‘
تاہم وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ ’شہباز گل کا لیپ ٹاپ اور موبائل فون برآمد کرنے کے لیے ان کے ڈرائیور کو ہرصورت گرفتار کیا جائے۔‘

شیئر: