فہد مصطفیٰ سندھ پولیس میں بھرتی ہوگئے؟
پیر 15 اگست 2022 13:48
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
فہد مصطفیٰ نے فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ میں ایس ایچ کا رول نبھایا تھا۔ (تصویر: سندھ پولیس)
فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ میں پولیس والے کا کردار ادا کرنے والے پاکستانی اداکار فہد مصطفیٰ کو سندھ پولیس کا اعزازی عہدہ دے دیا گیا۔
سندھ پولیس کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعلامیے کے مطابق صوبہ سندھ کے پولیس آئی جی غلام نبی میمن نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں یوم آزادی کی ایک تقریب کے موقع پر فہد مصطفیٰ کو پولیس کے اعزازی عہدے سے نوازا۔
خیال رہے فہد مصطفیٰ نے اپنی فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ میں ایس ایچ او گلاب کا کردار ادا کیا تھا۔ ’انٹرنیٹ مووی ڈیٹا بیس‘ پر اس فلم کو صارفین نے 10 میں سے 7.1 ریٹنگ دی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ اس فلم کو کافی پسند کیا گیا ہے۔
نبیل قریشی کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم میں اداکار نے اپنےکردار کے ذریعے بدعنوانی، رشوت اور دیگر سماجی برائیوں سے پردہ اٹھانے کے علاوہ عوام میں پولیس کے مثبت کردار کو بھی اجاگر کرنے کی کوشش کی تھی۔
سندھ پولیس کے مطابق آئی جی غلام نبی میمن سے ملاقات کے دوران فہد مصطفیٰ نے پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے اپنی تجاویز بھی شیئر کیں۔
ملاقات کے بعد فہد مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ فلم ’قائد اعظم زندباد‘ میں ان کے کردار ایس ایچ او گلاب نے جو سماجی برائیوں کو ختم کرنے سے متعلق جو خواب دیکھے تھے وہ ضرور پورے ہوں گے۔
یہ فلم رواں سال عید الاضحٰی پر ریلیز ہوئی تھی اور اس میں فہد مصطفیٰ کے ساتھ مرکزی کردار ماہرہ خان نے نبھایا تھا۔
یہ فہد مصطفیٰ کی فلم سازوں نبیل قریشی اور فضا علی مرزا کے ساتھ پانچویں فلم ہے۔ اس سے قبل وہ ان دونوں کے ساتھ 'نامعلوم افراد'، 'ایکٹر ان لا'، 'نامعلوم افراد 2' اور 'لوڈ ویڈنگ' میں میں بھی کام کرچکے ہیں۔