بیرون ملک آنے جانے والے مسافروں کے لیے کرنسی فارم بھرنا لازم
بیرون ملک آنے جانے والے مسافروں کے لیے کرنسی فارم بھرنا لازم
منگل 16 اگست 2022 16:39
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
سول ایوی ایشن کے نوٹیفیکیشن کے مطابق ’پاکستانی ائیرپورٹس پر بیرون ملک سے آنے والے مسافر بھی کسٹم ڈیکلریشن فارم فل کریں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
حکومت پاکستان نے بیرون ملک سے پاکستان آنے اور پاکستان سے بیرون ملک جانے والے مسافروں پر کرنسی ڈیکلریشن فارم لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن کے ’مطابق بیرون ملک سے پاکستان آنے اور جانے والے ہوائی مسافروں کو کسٹم ڈکلریشن (بشمول کرنسی ڈیکلریشن) فارم بھرنا پڑے گا۔‘
ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق ’ایف اے ٹی ایف کے قوانین کے نفاذ کے حوالے سے حکومت پاکستان کی سول ایوی ایشن کو جاری کی گئی ہدایات پر عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ جس میں پاکستان سے بیرون ملک جانے والے مسافروں کے لیے بورڈنگ پاس کا اجراء کسٹمز ڈیکلریشن فارم سے مشروط ہوگا۔‘
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ‘ایئر لائینز پر یہ لازمی قرار دے دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی مسافر کو کرنسی ڈیکلریشن فارم کے بغیر بورڈنگ پاس جاری نہیں کریں گے اور اس سلسلے میں کسٹم حکام کا عملہ اور خصوصی کاؤنٹر ہوائی اڈوں پر متعین کیے جائیں گے۔ ائیر لائنز کا سٹاف بھی کسٹم حکام اور مسافروں کی معاونت کرے گا۔‘
سول ایوی ایشن اتھارٹی نےائیر لائنز کمپنیز کے ایجنٹس اور سٹاف کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ’ائیر لائنز ٹکٹ بکنگ کے وقت مسافروں کو ڈیکلریشن فارم دینا یقینی بنائیں اور مسافروں کو بورڈنگ پاس بغیر کرنسی ڈیکلریشن کے جاری نہیں کیا جائے گا۔‘
بیرون ملک سے آنے والے مسافروں پر بھی کرنسی ڈیکلریشن لازمی قرار
بین الاقوامی سطح پر منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے ایف اے ٹی ایف کے قوانین پر عملدرآمد کے لیے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں پر بھی کرنسی ڈیکلریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔
سول ایوی ایشن کے نوٹیفیکیشن کے مطابق ’پاکستانی ائیرپورٹس پر بیرون ملک سے آنے والے مسافر بھی کسٹم ڈیکلریشن فارم فل کریں گے۔
پاکستان آنے والی فلائٹ کے دوران فضائی میزبان مسافروں کو کرنسی و کسٹم ڈیکلریشن فارم پر کرنے کا اعلان کریں گے۔‘
ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق ‘بین الاقوامی مسافروں کی آمد پر کسٹمز کاونٹر پر ڈیکلریشن کی تفصیل امیگریشن سے قبل فراہم کرنا ہوں گی۔ اس سلسلے میں پاکستان کسٹمز کو تمام انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر عملہ متعین کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔‘
نوٹیفیکیشن کے مطابق ’بیرون ملک سے آنے والے تمام ملکی اور غیرملکی مسافروں کو کرنسی ڈیکلریشن فارم پر کرنا لازمی ہوگا اور جہاز کا عملہ تمام مسافروں کو کسٹم ڈیکلریشن فارم دوران پرواز مہیا کرنے کا پابند ہوگا۔‘