کراچی کے تینوں حلقوں سے عمران خان کے کاغذات منظور
منگل 16 اگست 2022 20:43
زین علی -اردو نیوز، کراچی
عمران خان بیک وقت قومی اسمبلی کی 9 جنرل سیٹوں پر ضمنی الیکشنز لڑ رہے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے کراچی میں جمع کرائے گئے قومی اسمبلی کے تینوں حلقوں میں کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔
سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان کے مطابق حلقہ این اے 237، این اے 239 اور این اے 246 کے ضمنی الیکشنز میں حصہ لینے کے لیے عمران خان کی راہ میں تمام رکاوٹیں ختم ہوگئی ہیں۔
’کراچی کی قومی اسمبلی کی تینوں نشستوں پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کے مخالفین نے اپنے گریبانوں میں دیکھے بغیر کپتان پر الزام تراشی کی، عمران خان کراچی سے ضمنی انتخابات میں مخالفین کی وکٹیں گرائیں گے۔‘
الیکشن کمیشن کے جاری شیڈول کے مطابق کراچی کے تین قومی اسمبلی کے حلقوں میں ضمنی انتخابات 25 ستمبر کو ہوں گے۔
یاد رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے تحریک انصاف کے 11 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے قبول کیے جانے کے بعد یہ نشستیں خالی ہوئی تھیں۔
اس کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان نے بیک وقت 9 جنرل سیٹوں پر ضمنی الیکشنز لڑنے کا اعلان کیا تھا۔
عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر کس نے اعتراض کیا تھا؟
سابق وزیراعظم عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر پیپلز پارٹی کے علاوہ ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار نے اعتراضات لگائے تھے۔
ان اعتراضات میں کہا گیا تھا کہ عمران خان ممنوعہ فنڈنگ کیس اور توشہ خانہ کے تحائف فروخت کرنے کے معاملے میں ملوث ہیں۔
ان اعتراضات پر پی ٹی آئی کی مقامی قیادت نے الیکشن کمیشن میں آج جواب جمع کروایا تھا، الیکشن کمیشن نے تمام اعتراضات اور جوابات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد عمران خان کے کاغذات منظور کرلیے۔