الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے 11 ارکان قومی اسمبلی کی نشستیں خالی قرار دے دیں
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے 11 ارکان قومی اسمبلی کی نشستیں خالی قرار دے دیں
جمعہ 29 جولائی 2022 16:42
پی ٹی آئی کے جن اراکین اسمبلی کو ڈی نوٹی فائی کیا گیا ہے ان میں این اے 22 مردان سے علی محمد خان بھی شامل ہیں۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 11 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹی فائی کر دیا ہے۔
جمعے کو الیکشن کمیشن کے نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے استعفوں کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان ان ارکان قومی اسمبلی کو فوری طور پر ڈی نوٹی فائی کرتا ہے۔‘
پی ٹی آئی کے جن اراکین اسمبلی کو ڈی نوٹی فائی کیا گیا ہے ان میں این اے 22 مردان سے علی محمد خان، این اے 24 چارسدہ سے فضل محمد خان، این اے 31 پشاور سے شوکت علی، این اے 45 کُرم ایک سے فخر زمان خان اور این اے 108 فیصل آباد سے فرخ حبیب شامل ہیں۔
این اے 118 سے بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) اعجاز احمد شاہ، این اے 237 ملیر کراچی سے جمیل احمد خان، این اے 239 کورنگی کراچی سے محمد اکرم چیمہ، این اے 246 کراچی جنوبی سے عبدالشکور شاد کو بھی ڈی نوٹیفائی کرتے ہوئے ان کی نشستوں کو خالی قرار دے دیا گیا ہے۔
ان کے علاوہ خواتین کی مخصوص نشستوں سے ڈاکٹر شیریں مزاری اور شاندانہ گلزار خان کو بھی ڈی نوٹی فائی کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ترجمان نے جمعرات کو تصدیق کی تھی کہ ’سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے 11 ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کر لیے ہیں اور استعفوں کے نوٹی فیکیشنز الیکشن کمیشن کو بھجوا دیے گئے ہیں۔‘
سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے مئی میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور پارٹی کے دیگر قومی اسمبلی سے استعفوں کی تصدیق کرنے کے لیے خط لکھا تھا۔
اس سے قبل قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے 14 اپریل کو تحریک انصاف کے 123 ارکان کے استعفے منظور کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ان ارکان کی نشستیں خالی قرار دینے کے لیے گزٹ نوٹی فیکیشن بھی الیکشن کمیشن کو بھیج دیا گیا تھا، تاہم بعد میں نئے سپیکر راجا پرویز اشرف نے استعفوں کے عمل کی دوبارہ جانچ پڑتال کا اعلان کیا تھا۔
رواں برس اپریل میں عمران خان کی حکومت ختم ہونے کے بعد پی ٹی آئی کے 155 ارکان میں سے 20 منحرف ارکان کے علاوہ 12 دیگر ارکان نے بھی استعفے نہیں دیے تھے۔