پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے الفابیٹ، زوم اور مائیکروسافٹ کے شیئرز خرید لیے
دوسری سہ ماہی کی سرمایہ کاری تقریباً 40.8 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے(فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے امریکی سٹاک کے وسیع انتخاب کے حصے کے طور پر الفابیٹ، زوم ویڈیو اور مائیکروسافٹ کے شیئرز خریدے جس سے اس فنڈ کی دوسری سہ ماہی کی سرمایہ کاری تقریباً 40.8 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
امریکی سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن کی فائلنگ کے مطابق پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے الفابیٹ میں کلاس اے کے دو لاکھ 13 ہزار شیئرز، زوم میں کلاس اے کے 4.7 ملین اور مائیکرو سافٹ میں 1.8 ملین شیئرز حاصل کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے جے پی مورگن کے 3.9 ملین جب کہ بلیک راک کے سات لاکھ41 ہزار 693 شیئرز خریدے۔
پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے سٹار بکس میں 6.3 ملین شیئرز خریدے اور دیگر سٹاک شامل کیے جن میں ایڈوب سسٹمز، ایڈوانسڈ مائیکرو ڈیوائسز، سیلز فورس، ہوم ڈپو، کوسٹکو، فری پورٹ میک مو ران، ڈیٹا ڈوگ اور نیکسٹ ایرا انرجی شامل ہیں۔
سعودی عرب کا پبلک انویسٹمنٹ فنڈ جو کہ 620 بلین ڈالر کے اثاثوں کا انتظام کرتا ہے سعودی عرب کے نئے شعبے بنا کر اور تیل سے دور محصولات کو متنوع بنا کرمعیشت کو تبدیل کرنے کے منصوبوں کا مرکز ہے۔
پبلک انویسٹمنٹ فنڈ دو جہتی حکمت عملی پرعمل پیرا ہے، سرمایہ کاری کا ایک بین الاقوامی پورٹ فولیو بنا رہا ہے جبکہ ایسے منصوبوں میں مقامی طور پر بھی سرمایہ کاری کر رہا ہے جس سے سعودی عرب کا تیل پر انحصار کم کرنے میں مدد ملے گی۔
سعودی عرب کا پبلک انویسٹمنٹ فنڈ لوسیڈ موٹرز میں اکثریتی سٹیک ہولڈر ہے جس کا صدر دفتر کیلیفورنیا میں ہے۔ فی الحال یہ فنڈ الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی میں 60 فیصد سے زیادہ حصہ کا مالک ہے۔
پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں امریکی ایکویٹیز پر اپنی ملکیت کو 22 فیصد کم کر کے 43.6 بلین ڈالر کر دیا جو ایک سہ ماہی پہلے اس کے پاس موجود 55.9 بلین ڈالر تھا۔
امریکی سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کی فائلنگ میں پہلی سہ ماہی کے اختتام تک تجویز پیش کی گئی کہ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے تین کمپنیوں میں اپنے حصص کو کم کر دیا جس میں ویزا انکارپوریشن، پلگ پاور اور والمارٹ شامل ہیں۔
تاہم پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے ٹیک ٹو انٹرایکٹو، پے پال، علی بابا اور فارفیچ لمیٹڈ میں اپنی ہولڈنگز میں اضافہ کیا۔
سوورین ویلتھ فنڈ انسٹی ٹیوٹ کے اپریل میں جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پبلک انویسٹمنٹ فنڈ اس وقت دنیا کے سب سے بڑے خودمختار فنڈز میں پانچویں نمبر پر ہے جس کے اثاثوں کی مالیت 620 بلین ڈالر ہے۔