اقامے کی تجدید کےلیے فیملی فیس سہ ماہی جمع کرائی جا سکتی ہے؟
اقامے کی تجدید کےلیے فیملی فیس سہ ماہی جمع کرائی جا سکتی ہے؟
جمعرات 18 اگست 2022 0:15
تارکین کے لیے جاری کیا جانے والے اقامے کی مدت ایک برس ہوتی ہے(فائل فوٹو روئٹرز)
سعودی عرب میں غیر ملکیوں کے اہل خانہ پرعائد ماہانہ فیس کا قانون سال 2017 سے نافذ العمل ہے جس کے مطابق غیر ملکی کارکن کو اہل خانہ کے اقامے کی تجدید کےلیے فیس ادا کرنا ہوتی ہے۔
گزشتہ برس سے سعودی حکومت کی جانب سے اقاموں کی تجدید کے لیے رعایت دی گئی ہے جس کے مطابق تارکین اپنی سہولت کے مطابق فیملی اقامہ کی فیس یکمشت کے بجائے سہ ماہی بنیاد پرادا کرسکتے ہیں۔
اقامہ فیس کے حوالے سے ایک شخص نے جوازات کے ٹوئٹرپردریافت کیا ’اقامہ کی تجدید کےلیے فیملی فیس 5 ماہ کی جمع کرائی ہے معلوم یہ کرنا ہے کہ میرا اقامہ بھی پانچ ماہ کا تجدید ہوگا؟‘
اس حوالے سے جوازات کا کہنا تھا کہ اقامہ کی تجدید 3 ، چھ ، 9 یا 12 ماہ کی کرائی جاسکتی ہے۔ پانچ ماہ کی نہیں اس اعتبار سے ایک ماہ کی مزید فیس جمع کرانے کے بعد اقامہ 6 ماہ کےلیے تجدید ہوسکتا ہے۔
واضح رہے سعودی عرب میں تارکین وطن کے لیے جاری کیا جانے والے اقامے کی مدت ایک برس ہوتی ہے جسے سالانہ بنیاد پرتجدید کرایاجاتا ہے۔
وہ غیر ملکی جو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مملکت میں مقیم ہیں انہیں قانون کے مطابق ہر ماہ 400 ریال کے حساب سے فیملی فیس ادا کرنا ہوتی ہے۔
فیسوں کے حوالے سے نئے قانون کے مطابق کم از کم 3 ماہ کی فیس یعنی 1200 ریال ادا کی جائے گی اگراقامہ 6 ماہ کا تجدید کرانا ہوتو اس صورت میں 2400 ریال فی فرد کے حساب سے فیس جمع کرائے جائے جس کے بعد اقامہ تجدید ہوتا ہے۔
غیر ملکی کارکن اپنے اہل خانہ کی فیس جتنی مدت کے لیے جمع کراتا ہےاسی حساب سے اقامہ کی مدت میں توسیع کی جاتی ہے تاہم اس امر کا خیال رکھیں کہ فیس سہ ماہی بنیاد پرجمع کرائی جاتی ہے۔
سوال میں پانچ ماہ کا ذکر کیا گیا ہے اس اعتبار سے جوازات کے سسٹم میں فیس جمع نہیں ہوگی کیونکہ اس میں وضاحت نہیں ہے کہ کتنے ماہ کی فیس ادا کی گئی ہے۔ کم از کم تین ماہ کی فیس ادا کرنا ضروری ہے۔
ایک شخص نے دریافت کیا ’ کارکن کا خروج نہائی لگایا جاچکا ہے، کتنے دن مملکت میں رہ سکتے ہیں؟‘
سعودی محکمہ پاسپورٹ کے قانون کے مطابق جس غیر ملکی کا خروج نہائی یعنی فائنل ایگزٹ لگایا جاتا ہے اسے 60 دن کی مہلت ہوتی ہے۔
خروج نہائی یعنی فائنل ایگزٹ لگانے کے بعد جوازات میں کارکن کی فائل کو عارضی طورپرسیز کردیاجاتا ہے جس وقت وہ مملکت سے ایگزٹ کرجاتا ہے اس وقت فائل کو مستقل بنیاد پرکلوز کردیاجاتا ہے۔