Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اہل خانہ مملکت میں نہیں، کیا فیملی فیس ادا کرنا ہوگی؟

اقامہ سہ ماہی وششماہی بنیاد پربھی تجدید کرایا جاسکتا ہے( فائل فوٹو ایس پی اے)
اس فیس کو عربی میں ’رسوم المرافقین‘ کہا جاتا ہے۔ یہ فیس ادا کرنا لازمی ہے۔ فیس ادا کیے بغیر اقامہ تجدید نہیں کرایا جاسکتا۔ 
رواں برس سعودی حکومت کی جانب سے اقامہ کی مدت میں اختیاری تجدید کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کے تحت اقامہ سہ ماہی وششماہی بنیاد پربھی تجدید کرایا جاسکتا ہے۔
محکمہ پاسپورٹ سے ایک شخص نے دریافت کیا ہے کہ ’ اقامہ 6 ماہ سے ایکسپائرہے، کفیل نے تجدید کرانے کےلیے فیس جمع کرائی تو فیملی فیس کی مد میں 19 ہزار سے زائد رقم جمع کرانے کو کہا ہے جبکہ کہ فیملی مملکت میں نہیں ہے؟‘ 
جوازت کے مطابق سعودی عرب میں اقامہ قوانین کے تحت ایسے تارکین جو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مقیم ہیں۔ ان کے لیے لازمی ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ پرعائد فیملی فیس ادا کریں۔ 
عائد فیملی فیس سال رواں چارسو ریال ماہانہ کی بنیاد پروصول کی جارہی ہے۔ فیس کی ادائیگی کے بغیریہ ممکن نہیں کہ کسی غیرملکی کارکن کا اقامہ تجدید کرایا جاسکے۔
سال رواں سے فراہم کی جانے والی سہولت کے تحت یہ ممکن ہے کہ سہ ماہی بنیاد پربھی فیملی فیس ادا کرنے کے بعد اتنی ہی مدت کے لیے اقامہ تجدید کرایا جاسکتا ہے۔ 
 اقامہ قوانین کےتحت یہ لازمی ہے کہ تارکین اپنے اقامہ کی تجدید سے قبل اہل خانہ پرماہانہ بنیاد پرعائد فیس ادا کریں جس کے بعد ہی اقامہ تجدید کرایا جاسکتا ہے۔ 
ایسے افراد جو اپنے اہل خانہ کو خروج وعودہ یعنی ایگزٹ ری انٹری ویزے پربھیجتے ہیں اور واپس نہیں بلاتے وہ اس امر سے ناواقف ہوتے ہیں کہ جب تک اہل خانہ کا اقامہ کینسل نہ کرایا جائے ان کے حوالے سے عائد فیس جاری رہتی ہے۔ 

اقامہ ہولڈرزکے خروج وعودہ کی مدت میں مفت توسیع کی جارہی ہے(فوٹو ایس پی اے)

اہل خانہ پرعائد فیس اس وقت ختم ہوتی ہے جب جوازات کے سسٹم میں ان کے اقامے کو کینسل کردیا جائے۔ موجودہ حالات میں جب کہ حکومت کی جانب سے مملکت سے باہرگئے ہوئے اقامہ ہولڈرزکے خروج وعودہ کی مدت میں مفت توسیع کی جارہی ہے۔ اس دوران اہل خانہ کے اقامے کی مدت میں بھی ازخود توسیع کردی جاتی ہے تاہم ان پرعائد ماہانہ فیس برقراررہتی ہے۔ 
وہ افراد جنہوں نے اپنے اہل خانہ کو خروج وعودہ پربھیجا ہے اگروہ انہیں بلانا نہیں چاہتے توانہیں چاہئے کہ وہ ان کے اقامے کینسل کرائیں جس کے لیے ابشرسسٹم پرموجود ’خرج ولم یعد‘ کے آپشن کو استعمال کرتے ہوئے اقامہ کینسل کراسکتے ہیں، جس کے بعد ان پرعائد ماہانہ فیس ختم ہوسکتی ہے وگرنہ ماہانہ فیس اس وقت تک جاری رہے گی جب تک اقامہ کینسل نہیں ہوجاتا۔ 
ایک شخص نے استفسار کیا ہے اقامہ اورخروج وعودہ کی مدت میں تاحال توسیع نہیں ہوئی۔ کیا خود کارطریقے سے توسیع کا انتظارکریں ؟ 
سعودی حکومت کی جانب سے ایسےاقامہ ہولڈرز جو چھٹی پراپنے وطن گئے ہوئے ہیں اور کورونا کی وجہ سے عائد ہونے والی سفری پابندی کے باعث مملکت نہیں آسکے ان کے اقامے اور خروج وعودہ کی مدت میں 31 جنوری 2022 تک توسیع کی جائے گی۔
حکومتی اعلان کے مطابق مفت توسیع مرحلہ وار طریقے سے کی جارہی جس کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس سینٹرکے تعاون و اشتراک سے یہ عمل جاری ہے۔ 
وہ افراد جن کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں مفت اور خودکارتوسیع تاحال نہیں ہوئی انہیں چاہئے کہ وہ انتظار کریں کیونکہ حکومتی اعلان کے بعد اس پرعمل درآمد جاری ہے۔ 

شیئر: