Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جعلی فون کال، سابق سینیٹر الیاس بلور لاکھوں گنوا بیٹھے

سینیٹر الیاس بلور نے کہا کہ ’مجھ سے مختلف موبائل نمبرز پر 10 لاکھ 98 ہزار روپے طلب کیے گئے‘ (فائل فوٹو: پکسابے)
موبائل فون پر کالز یا میسیجز کے ذریعے مختلف طریقوں سے پیسے بٹورنے کا حربہ کوئی نئی بات نہیں۔
آپ کو بھی ’بے نظیر انکم ٹیکس پروگرام‘ کے نام پر پیسے ملنے یا کسی گیم شو میں انعام نکلنے کی ’خوش خبری‘ کے پیغامات کبھی نہ کبھی تو موصول ہوئے ہی ہوں گے اور پھر ’ایزی لوڈ والی صبا‘ کو کون نہیں جانتا؟
لیکن رقم ہتھیانے کا یہ حربہ اب پرانا ہو چکا ہے اور لوگ بہت حد تک ہوشیار ہو گئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اب ’طریقہ واردات‘ بھی بدل رہا ہے اور گذشتہ کچھ عرصے میں ایمرجنسی کالز کے ذریعے معصوم شہریوں کو لوٹنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق سینیٹر الیاس بلور بھی ایسے ہی ایک فراڈ کا شکار بن کر لاکھوں روپے گنوا بیٹھے ہیں۔
انہوں نے بدھ کو تھانہ کینٹ راولپنڈی میں ایک ایف آئی آر درج کرائی جس میں انہوں نے بتایا کہ ’انہیں موبائل فون پر کال آئی اور کال کرنے والے نے تھانہ کینٹ راولپنڈی کے اے ایس آئی شاہ کے نام سے اپنا تعارف کرایا۔‘
الیاس بلور کے مطابق ’اے ایس آئی نے بتایا کہ آپ کا بھانجا لڑکیوں کے ساتھ پکڑا گیا ہے، اے ایس آئی نے بھانجے سے میری بات کرائی جس نے کہا کہ مجھے بچا لیں، مجھ سے مختلف موبائل نمبرز پر 10 لاکھ 98 ہزار روپے طلب کیے گئے۔‘
’میں نے تصدیق کیے بغیر مختلف نمبروں پر رقم بھجوا دی، بعد میں بھانجے سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ وہ تو اپنی فیکٹری میں موجود ہیں اور ان کے ساتھ ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔‘
پولیس نے الیاس بلور کے بیان کی روشنی میں فراڈ و ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

شیئر: