سعوی ترقیاتی فنڈ سینیگال میں شاہراہ کی تعمیر کے لیے 47 ملین ڈالر دے گا
سعودی ترقیاتی فنڈ اب تک 25 منصوبوں کے لیے قرضے فراہم کرچکا ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی ترقیاتی فنڈ برادرملک سینیگال میں شاہراہ کی تعمیر نو کے لیے 47 ملین ڈالر کا ترقیاتی قرضہ فراہم کرے گا۔
الاقتصادیہ کے مطابق سعودی ترقیاتی فنڈ کے ایگزیکٹیو چیئرمین سلطان المرشد نے منگل کو سینیگال کے دارالحکومت ڈاکار میں وزیر اقتصاد و منصوبہ بندی امادو ہوت کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
62 کلو میٹرطویل شاہراہ کو استعمال کے قابل بنایا جائے گا۔ اس میں توسیع ہوگی اور معیار بہتر بنایا جائے گا۔ تمام کام مغربی افریقہ کی تنظیم برائے معیشت کے مقرر کردہ معیار کے مطابق انجام دیا جائے گا۔
اس شاہراہ کی بدولت اطراف میں واقع شہروں اور قریوں کے باشندوں کے متعدد مسائل حل ہوں گے۔ ٹریفک حادثات پرقابو پایا جاسکے گا۔
یاد رہے کہ سعودی حکومت ترقیاتی منصوبوں کی فنڈنگ کے ذریعے سینیگال کی تعمیر و ترقی میں مسلسل دلچسپی لے رہی ہے۔ سعودی ترقیاتی فنڈ 1977 سے اب تک 25 منصوبوں کے لیے 26 ترقیاتی قرضے فراہم کرچکا ہے۔ 384 ملین ڈالر کے قرضے دیے ہیں جبکہ 19 ملین ڈالر سے زیادہ تعاون کے طور پردیے ہیں۔
سعودی عرب کی مدد سے سینیگال میں ٹرانسپورٹ، بنیادی ڈھانچے، صحت، مکانات، توانائی، تعلیم اور فراہمی و نکاسی آب کے منصوبے نافذ کیے جاسکے ہیں۔