یمن کے سیلاب سے متاثرہ علاقے کے لیے مزید سعودی امداد
50 خیمے اور 50 شیلٹر بیگز 300 افراد میں تقسیم کیے گئے ہیں( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد وانسانی خدمات نے یمن کے المھرہ گورنریٹ میں طوفانی بارش اور سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کو مزید امداد فراہم کی ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے ہنگامی امدادی منصوبے کے حصے کے طور پر کم از کم 50 خیمے اور 50 شیلٹر بیگز 300 افراد میں تقسیم کیے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق یمن کے جنوبی اور مشرقی گورنریٹس کے علاوہ المھرہ میں اس ماہ کے دروان شدید بارشیں ہوئی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد وانسانی خدمات کا فوری ردعمل یمن کے کئی خطوں کو مدد فراہم کرنے کے لیے مملکت کی کوششوں کا تسلسل تھا۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد وانسانی خدمات نے یمن کے صحت کے شعبے کی مدد اورعوام کو طبی امداد اور خدمات فراہم کرنے کے لیے درجنوں منصوبے بھی شروع کیے ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد وانسانی خدمات اپنے قیام کے بعد سے یمنی بھائیوں کو پناہ، خوراک، ہیلتھ اور تعلیم سمیت مختلف اقسام کی امداد فراہم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 84 ممالک میں مختلف قسم کے 1997 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 175 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر5.7 بلین ڈالرکی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 369 ملین ڈالر، شام میں 327 ملین ڈالر اورصومالیہ میں 216 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔