Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب مصنوعی ذہانت سے متعلق دوسری عالمی کانفرنس کی میزبانی کرے گا

شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں کانفرنس آئندہ ماہ ریاض میں ہوگی( فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں آئندہ ماہ ریاض میں مصنوعی ذہانت سے متعلق دوسری عالمی کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی اتھارٹی فار ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس (سدایا) کے تحت عالمی کانفرنس 13 سے 15 ستمبر تک ریاض میں ہوگی۔  
 کانفرنس کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر میں منعقد ہوگی۔ اس کا لوگو ’بنی نوع انساں کی فلاح کے لیے مصنوعی ذہانت‘ ہوگا۔
سعودی اتھارٹی فار ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الغامدی نے کہا ہے کہ ’ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کانفرنس کی سرپرستی قبول کرکے اس کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی ریاست اس عالمی اہم کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لیے ہرممکن وسائل بروئے کار لانے کے سلسلے میں پرعزم ہے۔ اس سے یہ پیغام بھی ملا ہے کہ ولی عہد سربراہ کانفرنس کی سرگرمیوں کو ملکی، علاقائی اور بین الاقوامی ہر سطح پر انتہائی اہمیت دے رہے ہیں‘۔ 
ڈاکٹر عبداللہ الغامدی نے بتایا کہ ’کانفرنس کے شرکا موجودہ حالات میں مصنوعی ذہانت سے تعلق رکھنے والے ہر پہلو پرغور کریں گے۔  مصنوعی ذہانت سے استفادے کے حوالے سے دنیا بھر کے انسانوں کی امنگوں کی تکمیل کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی‘۔
یاد رہے کہ مصنوعی ذہانت کی پہلی عالمی کانفرنس دو برس قبل منعقد ہوئی تھی جس میں 200 سے زیادہ ماہرین اور فیصلہ ساز شخصیات شریک تھیں۔
دو روزہ کانفرنس میں مصنوعی ذہانت کی افادیت پر مباحثے ہوئے۔ 13 ہزار سے زیادہ افراد نے حصہ لیا تھا جبکہ 50 لاکھ سے زیادہ افراد نے سوشل میڈیا کے ذریعے اس کی کارروائی دیکھی تھی۔

شیئر: