کابینہ نے برادر اور دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ’ سعودی عرب اپنے علاقائی و بین الاقوامی کردار اور حیثیت کو اجاگر کرنے کے لیے برادر اور دوست ممالک کے رہنماؤں سے ملاقاتوں اور باہمی تعاون اور مشاورت کے رشتے مضبوط بنانے کی پالیسی پر گامزن ہے‘۔
کابینہ نے اس حوالے سے ازبکستان کے صدر کے ساتھ ولی عہد کے مذاکرات کے نتائج پراطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں برادر ملکوں کے درمیان محتلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
اجلاس میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے وفاقی جرمنی کے چانسلر کے ٹیلیفونک رابطے کے حوالے سے بتایا گیا کہ’ دونوں دوست ملکوں کے درمیان مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں اور باہمی تعلقات کا جائزہ لیا گیا‘۔
علاقائی و بین الاقوامی حالات حاضرہ اور امن و استحکام کے حصول کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ ’کابینہ نے تعلیم کے شعبے میں کامیابیوں کا جائزہ لیا جبکہ کابینہ کو اقتصادی و ترقیاتی امور کونسل، سیاسی و سلامتی امور کونسل، کابینہ کی جنرل کمیٹی اور کابینہ کے ماتحت ماہرین بورڈ نیز مجلس شوری میں زیر بحث آنے والے اموراور سفارشات کی رپورٹ بھی رکھی گئی‘۔
کابینہ نے وزیر ثقافت کو روایتی آرٹس کے سلسلے میں کوریا کے ساتھ مفاہمتی یادداشت، وزیر انصاف کو زامبیا کے ساتھ عدالتی امور میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت، وزیر سیاحت کو پائدار سیاحت کے عالمی مرکز کے قیام ، وزیر تعلیم کو یونیسکو کے ساتھ سکول ایجوکیشن کے معاہدے اور وزیر تجارت کو چھوٹے اور درمیانے سائز کے تجارتی اداروں کے فروغ کے سلسلے میں سلطنت عمان کے ساتھ تعاون کی یادداشت پر دستخط کے اختیارات تفویض کیے ہیں۔
کابینہ نے بنگلہ دیش کے ساتھ کسٹم امور میں تعاون کے معاہدے، مصر کے ساتھ مواصلاتی نظام میں مفاہمتی یادداشت اور وزارت صحت کی صحت خدمات سے تعلق رکھنے والے ریاستی مالیاتی حقوق و فرائض کی منتقلی اور اثاثوں کی ہیلتھ ہولڈنگ کمپنی کو منتقلی کی منظوری دی ہے۔
ایمن افغانی کو وزارت اقتصاد و منصوبہ بندی کے نمائندے کے طور پر سعودی صنعتی ترقیاتی فنڈ مجلس انتظٓامیہ کا رکن مقررکیا جبکہ حاتم الدخیل اور انجینیئر عبدالرحمن شمس الدین کوقومی مرکز برائے ریسرچ کی مجلس انتظامیہ میں پرائیویٹ سیکٹر کے نمائندے کے طور پر رکن بنایا ہے۔