سعودی کابینہ اجلاس، انویسٹمنٹ مارکیٹنگ اتھارٹی کے قیام کی منظوری
سعودی کابینہ اجلاس، انویسٹمنٹ مارکیٹنگ اتھارٹی کے قیام کی منظوری
منگل 2 اگست 2022 19:58
برطانیہ کے ساتھ ثقافتی شعبے میں مفاہمتی یادداشت کی بھی منظوری دے دی(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی عرب نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ گروپ 77 پلس چائنا کے ساتھ مل کر ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ بین الاقوامی جدوجہد کی پالیسی پر گامزن رہے گا۔
اس حوالے سے گرین سعودی عرب، گرین مشرق وسطی اور کاربن سرکلر اکانومی جیسے اہم اقدامات بروئے کار لاکر بین الاقوامی اہداف حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرتا رہے گا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘کے مطابق سعودی کابینہ نے انویسٹمنٹ مارکیٹنگ اتھارٹی کے قیام کی بھی منظوری دی۔ کابینہ کا اجلاس منگل کو جدہ قصر السلام میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
شاہ سلمان نے اجلاس کے آغاز میں کابینہ کو تیونس کے صدر اور وسطی افریقہ کے صدر سے ملنے والے خطوط کے مندرجات سے آگاہ کیا۔
کابینہ میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ یونان اور فرانس کے نتائج پر مشتمل رپورٹ پیش کی گئی۔ بتایا گیا کہ ولی عہد نے دونوں ملکوں کا دورہ ان کی دعوت پر کیا۔
دونوں ملکوں کے قائدین کے ساتھ مذاکرات ہوئے جن میں مختلف شعبوں میں باہمی تعلقات کے استحکام اور انہیں مزید مضبوط بنانے کی خواہش ظاہر کی گئی۔خطے کے امن و استحکام، فرانس، یونان اور سعودی عرب کے قومی مفادات کے حصول میں معاون امور پر ربط و ضبط کا سلسلہ رکھا جائے گا۔
سعودی کابینہ نےمتعدد شعبوں میں مملکت اور یونان کے درمیان معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط نیز فرانس کے ساتھ سٹراٹیجک شراکت داری کو جدید خطوط پر استوارکرنے پر اتفاق رائے کو دورے کی کامیابی کی علامت قرار دیا۔
سعودی کابینہ نے عوام کو پیش کی جانے والی خدمات کا معیارزندگی بلند کرنے سے متعلق ریاستی اداروں کی سرگرمیوں پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے تاکید کی کہ سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ریاستی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔
کابینہ نے ملک کی اس پالیسی پر خوشی ظاہر کی کہ 1335 آبی منصوبوں کے لیے 105 ارب ریال مختص کیے گئے ہیں جو ماحولیات، پانی اور زراعت کے نظام کے حوالے سے 5 سالہ منصوبے کا پہلا مرحلہ ہوگا۔
کابینہ نے سعودی وژن 2030 کے تناظر میں اقتصادی اور بنیادی ڈھانچے میں لائی جانے والی اصلاحات اور جامع و پائدار اقتصادی شرح نمو میں ان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سال رواں 2022 کی دوسری سہ ماہی کے دوران مجموعی قومی پیداوار میں 11.8 فیصد اضافہ کامیابی کا ثبوت ہے۔
کابینہ نے عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے سال رواں کے دوران سعودی معیشتکی شرح نمو 7.6 فیصد تک پہنچ جانے کی توقع پراظہار مسرت کیا۔
کابینہ نے البانیا کے ساتھ ڈرائیونگ لائسنس کے معاملے میں تعاون کے معاہدے اور کینیا کے ساتھ سیاسی مشاورت سے متعلق مفاہمتی یادداشت کی منظوریاں دے دیں۔
کابینہ نے برطانیہ کے ساتھ ثقافتی شعبے میں مفاہمتی یادداشت کی بھی منظوری دے دی۔
کابینہ نے وزیر سیاحت کو جیبوتی کے ساتھ سیاحت کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا اختیار تفویض کردیا۔ کابینہ نے آبی اور غذائی سیکیورٹی کے شعبے میں عمان کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کی منظوری دے دی۔
کابینہ نے غیر قانونی ماہی گیری کو روکنے کے لیے متعلقہ ملک کی جانب سے اپنائے جانے والے انتظامات کی پابندی سے متعلق معاہدے میں شمولیت کی بھی منظوری دے دی۔
کابینہ نے گھریلو عملے اور عام کارکنان کے حوالے سے تھائی لینڈ کے ساتھ دو معاہدوں کی بھی منظوری دے دی۔
کابینہ نے وزیر نقل و حمل کو فرانس کے ساتھ شہری ہوابازی کے شعبے میں تکنیکی انتظامات پر مذاکرات اور معاہدے کا اختیار تفویض کیا۔
کابینہ نے انویسٹمنٹ مارکیٹنگ اتھارٹی اور روڈ پبلک اتھارٹی کے قیام کی بھی منظوریاں دے دیں۔
سعودی کابینہ نے ایجنڈے پر موجود متعدد امور کے بارے میں آگاہی حاصل کی ان میں وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی کی وزارت نیز سابق وزارت آباد کاری نیز اخراجات کی کارکردگی پر نظر رکھنے والے سابق مرکز، انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکشن اتھارٹی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکٹر کے فروغ کے قومی پروگرام سے متعلق رپورٹیں قابل ذکر ہیں۔ کابینہ نے ان تمام امور کے بارے میں ضروری فیصلے بھی کیے۔
سعودی کابینہ نے 14 ویں اور پندرہویں گریڈ پر متعدد عہدیداروں کی ترقی اور تقرری کی منظوریاں بھی جاری کی۔