پاکستان کرکٹ ٹیم کا اب تک ایشیا کپ میں سفر کیسا رہا؟
پاکستان کرکٹ ٹیم کا اب تک ایشیا کپ میں سفر کیسا رہا؟
جمعرات 25 اگست 2022 6:15
ایشیا کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر شعیب ملک ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ایشیا کپ بلاشبہ دنیائے کرکٹ کا ایک اہم ایونٹ ہے۔ یہ واحد کرکٹ ٹورنامنٹ ہے جو کسی ایک براعظم کا مختص ایونٹ ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کا شمار ایشیا کی صف اول کی ٹیموں میں ہوتا ہے۔ اس نے نہ صرف دنیائے کرکٹ کو صف اول کے کھلاڑی دیے ہیں بلکہ دو ورلڈ کپ اور چیمپیئنز ٹرافی بھی اپنے نام کی ہے۔
اگر ایشیا کپ کی بات کی جائے تو پاکستان کرکٹ ٹیم کی ایشیا کپ میں کارکردگی انڈیا اور سری لنکا کے مقابلے میں زیادہ اچھی نہیں رہی ہے۔
گرین شرٹس نے اب تک صرف دو مرتبہ ایشیا کپ جیتا ہے جس کی وجہ سے یہ ایشیا کپ جیتنے کے مقابلے میں انڈیا اور سری لنکا سے کافی پیچھے ہے۔
سنہ 1984 سے شروع ہونے والے براعظم ایشیا کے اس ایونٹ میں پاکستان 2000 اور 2012 میں چیمپیئن بن چکا ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان نے صرف دو مرتبہ ایشیا کپ کا فائنل کھیلا ہے، جس میں دونوں مرتبہ جیت سری لنکا کی ہوئی۔
حیران کن بات یہ ہے کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان اب تک ایشیا کپ کا کوئی فائنل نہیں کھیلا گیا اور پاکستان نے دونوں بار ایشیا کپ کا ٹائٹل بنگلہ دیش میں کھیلے گئے ایشیا کپ میں اپنے نام کیا ہے۔
سنہ 2000 میں بنگلہ دیش میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے پہلی بار معین خان کی کپتانی میں ایشیا کپ جیتا تھا۔ اس کے 12 سال بعد بنگلہ دیش میں ہی ہونے والے ایشیا کپ 2012 کا ٹائٹل مصباح الحق کی کپتانی میں اپنے نام کیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے ایشیا کپ میں سب سے زیادہ رنز کرنے والے بیٹر شعیب ملک ہیں۔ شعیب ملک نے ایشیا کپ کے 17 میچز میں 65 کی اوسط سے 786 رنز بنائے جس میں 3 سینچریاں بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب بولرز کی کارکردگی دیکھی جائے تو آف سپنر سعید اجمل نے ایشیا کپ کے 12 میچز میں 25 وکٹیں اپنے نام کی ہیں۔
ایشیا کپ میں پاکستان ٹیم کا اننگز میں سب سے زیادہ سکور کا ریکارڈ سنہ 2010 میں سری لنکا میں ہونے والے ایشیا کپ میں ہے۔ دمبولا میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف 385 رنز بنائے تھے۔
ایشیا کپ 2022، پاکستان انڈیا آمنے سامنے
سنیچر سے متحدہ عرب امارات میں ایشیا کپ 2022 میں پاکستان کرکٹ ٹیم ایک نئی امید اور عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
متحدہ عرب امارات پاکستان کرکٹ ٹیم کا بہت عرصے تک ہوم گراؤںڈ رہا ہے اور اس ایونٹ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کو انڈیا کے ساتھ فیورٹ کہا جا رہا ہے۔
پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ اتوار کو روایتی حریف انڈیا کے خلاف کھیلے گی۔ اس میچ کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں 2021 کے ورلڈ کپ کے بعد پہلی بار آمنے سامنے آئیں گی۔
رواں ہفتے سے شروع ہونے والے ایشیا کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ میں انحصار کپتان بابر اعظم، وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان، فخر زمان اور آصف علی پر ہو گا۔ جبکہ شاہین شاہ آفریدی کی عدم موجودگی میں نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد وسیم بولنگ کی ذمہ داری اٹھائیں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم ایشیا کپ کے پہلے مرحلے میں 28 اگست کو انڈیا سے دبئی میں مدمقابل ہوگی جبکہ 2 ستمبر کو کوالیفائنگ ٹیم سے میچ شارجہ میں میچ کھیلے گی۔