دورہ نیدرلینڈز اور ٹی 20 ایشیا کپ کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان
دورہ نیدرلینڈز اور ٹی 20 ایشیا کپ کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان
بدھ 3 اگست 2022 9:31
فاسٹ بولر حسن علی کی جگہ نسیم شاہ کو قومی ون ڈے اور ٹی 20 انٹرنیشنل سکواڈز کا حصہ بنایا گیا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورہ نیدرلینڈز اور ٹی 20 ایشیا کپ کے لیے قومی ٹیم کے سکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔
فاسٹ بولر حسن علی کی جگہ نسیم شاہ کو قومی ون ڈے اور ٹی 20 انٹرنیشنل سکواڈز کا حصہ بنایا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل نیدرلینڈز کے خلاف تین میچز کے لیے 16 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے جبکہ ٹی 20 ایشیا کپ کے لیے 15 کھلاڑیوں کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق قومی ون ڈے انٹرنیشنل سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر ، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور زاہد محمود شامل ہیں۔
قومی ٹی 20 انٹرنیشنل سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر شامل ہیں۔
فاسٹ بولر حسن علی کی جگہ نسیم شاہ کو قومی ون ڈے اور ٹی 20 انٹرنیشنل سکواڈز کا حصہ بنایا گیا ہے۔ سلمان علی آغا کی قومی ون ڈے انٹرنیشنل سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔
فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی دونوں سکواڈز میں شامل ہیں تاہم قومی کرکٹ ٹیم کے فزیو اور ٹرینر نیدرلینڈز میں شاہین آفریدی کے ری ہیب کا جائزہ لینے کے بعدان کی فائنل الیون میں شمولیت کا فیصلہ کریں گے۔
عبداللہ شفیق، امام الحق، محمد حارث، سلمان علی آغا اور زاہد محمود نیدرلینڈز میں سیریز کھیلنے کے بعد وطن واپس آجائیں گے جبکہ آصف علی، حیدر علی، افتخار احمد اور عثمان قادر متحدہ عرب امارات میں قومی ٹی 20 سکواڈ کو جوائن کریں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سیلیکٹر محمد وسیم نے کہا ہے کہ یہ دونوں ٹورز بہت اہم ہیں، لہٰذا انہوں نے کپتان اور کوچ کی مشاورت سے بہترین دستیاب کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے۔
محمد وسیم نے کہا کہ حسن علی کو ان ٹورز سے بریک دی گئی ہے، البتہ ا ن کی جگہ نسیم شاہ کو پہلی مرتبہ قومی وائٹ بال سکواڈز کا حصہ بنایا گیا ہے۔ وہ باقاعدگی سے 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرتے ہیں، لہٰذا ان کی شمولیت سے قومی کرکٹ ٹیم کے شعبہ فاسٹ باؤلنگ کو مزید تقویت ملے گی۔