سکولوں میں سافٹ ڈرنکس پر پابندی ہے: ترجمان وزارت تعلیم
کینٹین میں خوراک کے معیارکی بھی کڑی نگرانی کی جائے گی (فوٹو سبق)
سعودی وزارت تعلیم کی ترجمان ’ابتسام الشھری‘ نے کہا ہے کہ ’سکولوں میں سافٹ ڈرنکس پرپابندی عائد ہے۔ تمام سکولوں میں کینٹین انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ طلبہ کو سافٹ ڈرنکس فراہم نہ کریں‘۔
سبق نیوز کے مطابق وزارت کی ترجمان الشھری نے نئے تعلیمی سال کے آغاز کے حوالے سے سعودی ٹی وی ’الاخباریہ‘ کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’ مملکت کے تمام ریجنز میں نیا تعلیمی سال اتوار28 اگست سے شروع ہورہا ہے۔ وزارت تعلیم نے تمام ترتیاریاں مکمل کرلی ہیں‘۔
’سکولوں کی نگرانی کےلیے مخصوص اہلکاروں کو ذمہ داریاں تفویض کی جاچکی ہیں‘۔
سکول کیٹین میں فراہم کی جانے والی اشیائے خورونوش کے حوالے سے ترجمان کا کہنا تھا کہ’ کینٹین انتظامیہ کو مطلع کیا جاچکا ہے کہ صحت مند خوراک کا اہتمام کیاجائے۔ کسی قسم کی خلاف ورزی کوبرداشت نہیں کیا جائے گا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’سکول کینٹین کی مسلسل نگرانی کا عمل جاری رہے گا تاکہ اس امرکو یقینی بنایا جاسکے کہ سافٹ ڈرنک طلبہ کو فروخت نہ کی جائیں‘۔
’علاوہ ازیں کینٹین میں فراہم کی جانے والی خوراک کے معیارکی بھی کڑی نگرانی کی جائے گی, ہمارے پیش نظرطلبہ کوبہترین ماحول فراہم کرنا ہے‘۔