بیک ٹو سکول: امارات میں وفاقی اتھارٹی کے ملازمین کے لیے دفتری اوقات میں رعایت
جن والدین کے بچے نرسریوں یا کنڈرگارٹن میں پڑھتے ہیں ان کے لیے پہلے ہفتے میں تین گھنٹے کی چھٹی بڑھا دی گئی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات میں وفاقی حکومت کے اداروں میں کام کرنے والے والدین سکول کے پہلے ہفتے کے دوران اپنے بچوں کی دیکھ بھال کے لیے اپنی ملازمتوں کے اوقات کار میں تبدیلی کر سکتے ہیں۔
اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق وفاقی اتھارٹی برائے سرکاری انسانی وسائل نے جمعے کو وزارتوں اور وفاقی حکام کو بیک ٹو سکول سرکلر جاری کیا۔
اس میں پیر کو شروع ہونے والے نئے تعلیمی سال سے قبل والدین کے لیے کام کے اوقات کار کی تبدیلی کا طریقہ کار پیش کیا گیا۔
وام پر شائع ہونے والے سرکلر کے مطابق کام کرنے والے والدین اپنے بچوں کو سکول چھوڑنے اور لانے کے لیے پہلے روز تین گھنٹے کی چھٹی حاصل کر سکتے ہیں۔
جن والدین کے بچے نرسریوں یا کنڈرگارٹن میں پڑھتے ہیں ان کے لیے پہلے ہفتے میں تین گھنٹے کی چھٹی بڑھا دی گئی ہے۔
اس پالیسی کے تحت ملازمت کرنے والے والدین سکول کی میٹنگز، گریجویشن تقریبات اور سکول کی سرگرمیوں کے دنوں میں بھی اوقات کار کی تبدیلی کی پالیسی سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
سرکلر کا مقصد ملازمین کے معیار زندگی کو بہتر بنانا اور ان کی سماجی اور پیشہ ورانہ زندگیوں میں توازن قائم کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔