سعودی امدادی ایجنسی نے ایک ماہ میں 134 امدادی ٹرک یمن روانہ کیے
ٹرکوں میں 34 ہزار 275 فوڈ باسکٹ، 15 ہزار 600 کھجور کے کارٹن تھے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے ایک ماہ میں 134 امدادی ٹرک یمن روانہ کیے ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق 23 جولائی سے 24 اگست تک الوديعة بارڈر لینڈ پورٹ کو عبور کرنے والے ٹرکوں میں 34 ہزار 275 فوڈ باسکٹ، 15 ہزار 600 کھجور کے کارٹن، ایک ہزار 320 شیلٹر بیگز اور ایک ہزار 80 خیمے تھے۔
یہ امداد عدن، حضرموت، الحدیدہ، مارب اور تعز سمیت مختلف صوبوں میں کمزور کمیونٹیز میں تقسیم کی گئی۔
یہ امداد سعودی عرب کی طرف سے یمنی عوام کی مدد کے لیے فراہم کیے جانے والے انسانی اور امدادی منصوبوں کے تحت آتی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات اپنے قیام کے بعد سے یمنی بھائیوں کو پناہ، خوراک،ہیلتھ اور تعلیم سمیت مختلف اقسام کی امداد فراہم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 84 ممالک میں مختلف قسم کے1997 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 175 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر 5.7 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 369 ملین ڈالر، شام میں 327 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 216 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔