موٹروے پر پہلے الیکٹرک چارجنگ سٹیشن کا افتتاح
پیر 29 اگست 2022 17:41
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان میں موٹرویز پر الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ کے لیے قائم کیے گئے پہلے سٹیشن نے خدمات فراہم کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو لاہور سے ملانے والے ایم ٹو موٹروے پر الیکٹرک گاڑیوں کا پہلا چارجنگ سٹیشن سرکاری ادارے پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) نے قائم کیا ہے۔
پی ایس او کے مطابق برقی گاڑیوں کے لیے قائم کیے گئے چارجنگ سٹیشن کو ’الیکٹرو‘ کا نام دیا گیا ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ انجینیئرنگ ایف ڈبلیو اے نے الیکٹرک گاڑیوں کے لیے قائم کردہ چارجنگ سٹیشن کے افتتاح کی اطلاع سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ’ایم ٹو موٹروے کے دونوں اطراف (شمال و جنوب) اسٹیشن قائم‘ کیے گئے ہیں۔
ایف ڈبلیو او کے مطابق پی ایس او کے اشتراک سے قائم کیے گئے الیکٹر وہیکلز چارجنگ سٹیشن بھیرہ ریسٹ ایریا میں فعال ہو چکے ہیں۔
پی ایس او پاکستان میں ای وی چارجز متعارف کرنے والی پہلی کمپنی بنی ہے۔
بھیرہ کے نئے سٹیشن سے قبل اسلام آباد کے ایف سیون مرکز اور لاہور میں بھی پاکستان سٹیٹ آئل نے الیکٹرک وہیکل چارجنگ سٹیشن قائم کر رکھے ہیں۔