آئی ایم ایف سے قرض کی منظوری کے بعد روپے کی قدر میں اضافہ
منگل 30 اگست 2022 9:16
زین علی -اردو نیوز، کراچی
پاکستان کو قرض کی منظوری کے بعد روپے میں بہتری رپورٹ ہوئی۔ فوٹو: اے ایف پی
عالمی مالیاتی ادارے کے بورڈ کی جانب سے پاکستان کو قسط جاری کرنے کی منظوری دینے کے مثبت اثرات نظر آنا شروع ہو رہے ہیں جن میں سے ایک روپے کی قدر میں بہتری ہے۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو روپے کی قدر میں بہتری آنا شروع ہوئی ہے جس کے بعد انٹر بینک میں روپے کی قیمت میں 92 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔ جبکہ ایک امریکی ڈالر اس وقت 221 روپے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
معاشی ماہرین نے آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری کو ملکی معیشت کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے اور ساتھ ہی امید کی ہے کہ جلد ہی دوست ممالک سے بھی ڈالر موصول ہوں جائیں گے جس سے صورتحال میں مزید بہتری کا امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق اس سب کے باوجود مستحکم معیشت کے لیے پاکستان کو برآمدات بڑھانا ہوں گی اور درآمدات پر کم انحصار کرنا ہوگا۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں روپے پر دباؤ اب کم ہوا ہے۔
ظفر پراچہ کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے پاکستان کے لیے قسط کی منظوری ایک خوش آئند بات ہے، اس سے ملکی معیشت کو سہارا ملے گا اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ ملک سے ڈالر کی سمگلنگ کو روکنے کے لیے حکومت کو خاص توجہ دینا پڑے گی۔
’گزشتہ دنوں میں دیکھنے میں آیا ہے کہ پاکستان سے افغانستان ڈالر سمگل ہوئے ہیں جس کی وجہ سے مقامی مارکیٹ میں ڈالر کی طلب و رسد میں فرق پڑا اور روپے پر دباؤ پڑنے کی وجہ سے روپے کی قدر میں کمی ہوئی۔‘
معاشی ماہر سمیع اللہ طارق کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام میں منظوری کے اثرات مارکیٹ میں دیکھے جا رہے ہیں۔
’ابھی روپے کی قدر میں بہتری ہو رہی ہے اور پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بھی مثبت رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ موجودہ صورتحال میں پاکستان کے لیے یہ پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اب ہمارے پاس موقع ہے کہ اپنی درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافہ کر کے معیشت کو بہتری کی طرف لے کر جائیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے دوست ممالک سے بھی جلد پیسے مل جائیں گے اور روپیہ مضبوط ہوگا جس سے معاشی صورتحال میں مزید بہتری کے امکانات ہیں۔