’باخبر رہیں‘، مالیاتی فراڈ سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہم
سیمنیار میں سائبرکرائم سے متعلق قوانین سے بھی آگاہ کیا گیا (فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کے جبیل رائل کمیشن میں ’باخبررہیں‘ کے عنوان سے مالیاتی فراڈ سے بچاؤ کے لیے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
شرکا کی جانب سے موبائل ورکشاپس کا بھی انتظام کیا گیا تاکہ عوامی مقامات پر لوگوں کو مالیاتی فراڈ سے بچاؤ کے طریقوں سے آگاہ کیا جا سکے۔
سبق نیوز کے مطابق سیمینار کے شرکا نے جبیل رائل کمیشن کےعلاوہ جبیل کورنیش اورکمشنری کے مالز وغیرہ میں بھی معلومات فراہم کیں۔
سائبرکرائم کے حوالے سے اقوام متحدہ کے ادارے کے بین الاقوامی ماہر ڈاکٹرمحمد البیشی کا کہنا تھا کہ ’مبینہ طور پر ایک عالمی تنظیم بھی فراڈ میں ملوث ہے جو اقوام متحدہ کا نام استعمال کر رہی ہے۔ اس بارے میں اقوام متحدہ نے اپنے پیچ پراس کی وضاحت بھی ہے۔‘
ڈاکٹر البیشی کے مطابق اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ ’ان کی جانب سے کبھی بھی کسی انعامی سکیم، سرٹیفکیٹس، تعلیمی وظائف، بینک اے ٹی ایم کارڈز وغیرہ کے بارے میں ای میلز پراشتہار نہیں دیا جاتا۔‘
اس حوالے سے اقوام متحدہ نے مزید واضح کیا ہے کہ ’ایسے افراد کسی ایسی تنظیم کے جھانسے میں نہ آئیں جو یو این کا نام استعمال کرتے ہوئے انہیں دھوکا دیتی ہے۔ کسی قسم کی بینک معلومات بھی مہیا نہ کی جائیں۔‘
ڈاکٹر البیشی کا کہنا تھا کہ ’باخبررہیں‘ کے عنوان سے شروع کی جانے والی مہم کا مقصد لوگوں میں شعور کو بلند کرنا ہے تاکہ وہ جعل سازوں کے جھانسے میں نہ آئیں اوراپنا سرمایہ محفوظ رکھ سکیں۔
سیمینار سے قانونی امور کے ماہرنے بھی خطاب کرتے ہوئے سائبرکرائم کے حوالے سے مقامی قوانین پرروشنی ڈالی۔
مشرقی ریجن میں شروع کی جانے والے مہم ’باخبررہیں‘ کے نگران فھد الفھید نے سیمینار اورموبائل ورکشاپس کے حوالے سے بتایا کہ ’اس قسم کے معلوماتی پروگرامز کا انعقاد دراصل لوگوں میں شعور وآگاہی بلند کرنے کا اہم ذریعہ ہوتے ہیں تاکہ جعل سازوں اوردھوکے بازوں سے محفوظ رہا جا سکے۔‘