سعودی عرب کے جبیل ریجن میں ایک رہائشی عمارت کے فلیٹ میں آگ لگ گئی۔ آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کے متعدد یونٹس جائے وقوعہ پرپہنچ گئے۔
شہری دفاع کا کہنا تھا کہ’ متاثرہ فلیٹ میں 3 افراد پھنسے ہوئے تھے جنہیں بروقت کارروائی کرتے ہوئے سنارکل کے ذریعے بحفاظت نکال لیا گیا۔‘
سبق نیوز نے شہری دفاع کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ’ اّگ کئی منزلہ عمارت کی تیسری منزل کے فلیٹ میں لگی تھی‘۔
’فائرفائٹرز کے امدادی یونٹس نے فوری کارروائی کرتےہوئے سب سے پہلے فلیٹ میں پھنسے ہوئے افراد کو بحفاظت نکالا جبکہ یونٹ کے دیگر اہلکارآگ بجھانے کی کارروائی میں مصروف ہوگئے‘۔
آگ پرجلد قابو پا لیا گیا۔ آتشزدگی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ۔ آگ لگنے کی وجہ بھی تاحال معلوم نہ ہوسکی۔ متعلقہ ادارے تحقیقات کررہے ہیں۔