جدہ یونیورسٹی میں داخلہ، ایک لاکھ سے زائد درخواستیں
درخواستوں کی سکروٹنی اور کارروائی مکمل کر لی گئی ہے ( فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں ایک لاکھ سے زائد طلبہ نے نئے تعلیمی سال کے لیے جدہ یونیورسٹی میں الیکٹرانک پورٹل کے ذریعے درخواستیں دی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق جدہ یونیورسٹی کے ترجمان الحجاز الثقفی نے کہا کہ یونیورسٹی میں درخواست گزاروں کی تعداد ایک لاکھ 300 تک پہنچ گئی ہے۔
جدہ یونیورسٹی کی ڈین شپ آف ایڈمیشن اینڈ رجسٹریشن نے یونیورسٹی کونسل کی طرف سے ہر پروگرام میں طلبہ کی تعداد کی بنیاد پر داخلہ کی درخواستوں کی سکروٹنی اور کارروائی مکمل کر لی ہے۔
انڈرگریجویٹ پروگرام میں سات ہزار 21 سے زیادہ طلبہ کی درخواستیں قبول کی گئی ہیں۔
اپلائیڈ کالج کے ڈپلومہ پروگرام میں تقریباً ایک ہزار 260 طلبہ کی درخواستوں کو قبول کیا گیا ہے۔
اپلائیڈ کالج ایسے پروگرام پیش کرتا ہے جو لیبرمارکیٹ کی بدلتی ہوئی امنگوں جیسے کہ سیاحوں کی رہنمائی، ماحولیاتی تحفظ کی ٹیکنالوجی، ہوٹل اور مہمان نوازی کے انتظام کے مطابق ہوتے ہیں۔
427 سے زیادہ طلبہ جو محدود تعداد کی وجہ سے بیچلر پروگرامز میں داخلہ نہیں لے سکے تھے ان کی درخواستیں پہلی بار شام کی شفٹ میں کوالیفائنگ پروگراموں میں قبول کی گئی ہیں۔
اگر طلبہ اعلی گریڈ پوائنٹ ایوریج کے ساتھ پاس ہوتے ہیں تو انہیں باقاعدہ پروگراموں میں سے کسی ایک میں داخلہ لینے کا موقع دیا جائے گا۔
طلبہ کو دوسرے پروگراموں جیسے کہ سائنس اور اختراع، کھیل، قرآن پاک، ثقافت اور آرٹس میں بھی داخلہ دیا گیا ہے۔