وزیراعظم کا 300 یونٹ تک بجلی کے استعمال پر فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کرنے کا اعلان
وزیراعظم کا 300 یونٹ تک بجلی کے استعمال پر فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کرنے کا اعلان
جمعرات 1 ستمبر 2022 15:55
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’فیول ایڈجسٹ منٹ پر بھی آئی ایم ایف سے پوچھنا پڑا کہ کہیں حقہ پانی بند نہ کر دے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم شہباز شریف نے 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے فیول ایڈجسٹ منٹ چارجز ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’فیول ایڈجسٹ منٹ پر بھی آئی ایم ایف سے پوچھنا پڑا کہ کہیں حقہ پانی بند نہ کر دے۔‘
انہوں نے کہا کہ جون اور جولائی میں فیول ایڈجسٹ منٹ بڑھنے سے عام آدمی کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔‘
’میں نے لڑائی کی کہ غریب عوام کو ریلیف دینا ہے، پہلے مرحلے میں 200 یونٹ استعمال کرنے والوں کے بلوں میں فیول ایڈجسٹ منٹ کو ختم کیا۔‘
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ’آج 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے بلوں میں فیول ایڈجسٹ منٹ کے چارجز نہیں آئیں گے، بے چارے ڈرائیوروں کے بھی 18، 18 ہزار روپے کے بل آئے۔‘
‘ہم آزاد نہیں ہیں کہ اپنے فیصلے خود کرسکیں، ابھی بھی ڈر لگ رہا ہے کہ کہیں آئی ایم ایف سے معاہدہ ٹوٹ نہ جائے۔ آئی ایم ایف پروگرام کے لیے ناک سے لکیریں نکالی ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اب تو چھینک بھی مارنی ہو تو آئی ایم ایف سے پوچھنا ہوگا۔ اگر ہم نے زندہ رہنا ہے تو آئی ایم ایف کا یہ پروگرام آخری پروگرام ہونا چاہیے۔‘
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت کو انتہائی مجبوری میں مہنگا کیا گیا۔ ساری رات سوچ کر پیٹرول کی قیمت میں مجبوراً 2 روپے 7 پیسے اضافہ کرنا پڑا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’سیلاب متاثرین میں بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے تحت 28 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں، متاثرین کو فی گھرانہ 25 ہزار روپے ادا کیے جا رہے ہیں۔‘
شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کا اعلان
شہباز شریف نے کہا کہ’آج ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم شمسی توانائی اور ہوا سے چلنے والے ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے شروع کر رہے ہیں۔‘
’اتحادیوں کے ساتھ مل کر اس منصوبے پر پاگلوں کی طرح کام کروں گا، اس منصوبے کا بہترین مقام بلوچستان، سندھ اور بہاولپور ہے، اس کے علاوہ بھی کئی جگہیں ہیں جہاں ہم یہ منصوبہ تعمیر کریں گے۔‘