Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بجلی کے صارفین کے لیے اعلان کردہ ریلیف پر عمل درآمد، ’24 گھنٹے کام کریں‘

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بلز جمع کروانے کے لیے بنکوں کو آئندہ دنوں میں کھلا رکھنے کے انتظامات بھی کیے جائیں۔ (فائل فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے صارفین کو اعلان کردہ ریلیف کی فوری فراہمی کے لیے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
جمعے کو وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے صارفین کی شکایات دور کرنے کے لیے اعلٰی سطح کی کمیٹی قائم کی ہے۔
بیان کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ 200 یونٹ تک کے بجلی صارفین کے بلز میں اعلان کردہ ریلیف کو 24 گھنٹے میں شامل کیا جائے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اعلان کردہ ریلیف کے تحت صارفین کے بلز کو کم کیا جائے اور اس کے لیے ڈسکوز کا سٹاف 24 گھنٹے کام کرے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’بلز کی تصحیح کے لیے تمام سٹاف کی چھٹیاں ختم کر کے اس کام کو فوری نمٹا کر مجھے رپورٹ پیش کی جائے۔‘
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بلز جمع کروانے کے لیے بنکوں کو آئندہ دنوں میں کھلا رکھنے کے انتظامات بھی کیے جائیں۔
بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت بجلی کے صارفین کے مسائل کے حل کے لیے اعلٰی سطح کے اجلاس میں بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کے بجلی کے صارفین کے لیے اعلان کردہ ریلیف پیکیج پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔
’ایک کروڑ 66 لاکھ صارفین کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دیے گئے ریلیف کے تحت بلز کی تصحیح جاری ہے۔‘

شیئر: