سندھ میں سیلاب سے متاثرہ لڑکی کو ’زیادتی کا نشانہ‘ بنانے والا ملزم گرفتار
جمعرات 1 ستمبر 2022 20:35
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے سندھ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
سندھ کے ضلع سانگھڑ میں سیلاب متاثرہ لڑکی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزمان میں سے ایک کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
جمعرات کو وزیراعلی سندھ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بتایا گیا کہ ’ملزم گل شیر ماچھی کو گرفتار کر کے متاثرہ لڑکی کا طبی معائنہ بھی کر لیا گیا ہے۔ معاملے پر قانون کے مطابق مزید کارروائی ہو گی۔‘
وزیراعلی ہاؤس سندھ کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا تھا جب سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنائی جانے والی ایک لڑکی کی ویڈیو شیئر کی گئی۔
مختصر دورانیے کی ویڈیو میں گفتگو کرتے ہوئے متاثرہ لڑکی کا کہنا تھا کہ اسے ’راشن دینے کے بہانے ملزمان نے گاڑی میں بٹھایا اور پھر کوئی نشہ آور چیز دے کر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔‘
متاثرہ لڑکی کی ویڈیو میں ’زیادتی کرنے والے ملزمان میں سے دو کا نام بھی لیا گیا تھا۔‘
ویڈیو شیئر کرنے والے سوشل میڈیا صارفین نے ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے سیلاب متاثرین کو ایسے جرائم پیشہ عناصر سے بچانے کے لیے قرار واقعی اقدامات کا مطالبہ کیا تھا۔
پاکستان میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے بعد ملک کے مختلف حصے متاثر ہوئے تاہم ملک کا جنوبی صوبہ سندھ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔
وزیراعلی سندھ کے مطابق صوبے میں پیدا ہونے والی کل فصل کا 90 فیصد حصہ سیلاب سے تباہ ہوا ہے جب کہ متعدد اضلاع مکمل طور پر سیلابی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔