ایجار نیٹ ورک سسٹم میں مینٹینس مالک مکان کی ذمہ داری؟
مملکت میں مکانات کے ڈیجیٹل کرایہ نامہ بنوانا لازمی ہے (فائل فوٹو: عکاظ)
سعودی عرب میں ایجا رنیٹ ورک سسٹم میں کہا گیا ہے کہ ’فلیٹ یا مکان کی اندرونی معمولی مرمت کرایہ دار کے ذمے ہوتی ہے جبکہ بڑے امور کی درستگی مالک مکان کی ذمہ داری ہے‘۔
سعودی اخبار عکاظ کے مطابق مملکت میں مکانات کے ڈیجیٹل کرایے نامے بنوانا لازمی ہے جس کی متعدد شرائط ہیں۔
ڈیجیٹل کرایہ نامے کے مطابق ’مکان یا فلیٹ میں مرمت کے معمولی امور جن میں بلب کا فیوز ہونا یا نلکے کا خراب ہونا وغیرہ کی تبدیلی کرایے دار کے ذمہ ہوگی۔‘
مکان یا فلیٹ کے بڑے کام جن میں وائرنگ یا پانی کے پائپوں کی خرابی جسے امور کی درستگی مالک مکان کے ذمہ ہے۔
ایجار سسٹم کے مطابق ’مالک مکان پر لازم ہے کہ وہ اپنی جائیداد کی اصلاح و مرمت کی ذمہ داری بطریق احسن ادا کرے اور اس کی بروقت اصلاح ومرمت کا کام کراتا رہے۔‘
اگرمالک مکان مقررہ ضوابط پر عمل نہیں کرتا اس صورت میں عدالت سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔
ڈیجیٹل کرایہ نامے کے قانون کے مطابق مالک مکان کو یہ اختیار نہیں کہ کرایہ نامے کی مدت ختم ہونے سے قبل کرایے کی رقم میں اضافہ کرے۔
واضح رہے ڈیجیٹل کرایہ نامے کا اندراج ایجار سسٹم میں کرانے کی فیس 125 ریال ہے جبکہ تجارتی کرایے نامے کے پہلی بار اجرا کی فیس 200 ریال جبکہ بعدازاں تجدید کی 400 ریال سالانہ مقرر ہے۔
خیال رہے ایجار سسٹم میں اندارج اور تصدیق نہ کرائے گئے کرایے نامے تنازع کی صورت میں قابل قبول نہیں ہوتے۔