Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیلاب زدگان کے لیے امدادی سامان کی زیادہ پروازیں امارات سے پہنچی ہیں: دفتر خارجہ

سب سے زیادہ امدادی سامان متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان پہنچایا گیا ہے۔ (یو اے ای سفارتخانہ)
پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان لے کر بیرون ملک سے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران روزانہ کی بنیاد پر اوسطاً پانچ پروازیں پاکستان پہنچ رہی ہیں۔
اتوار کو پاکستان کی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ امدادی سامان بھیجنے والوں میں سب سے زیادہ سامان متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان بھیجا جا رہا ہے۔
دفتر خارجہ کے اعداد و شمار کے مطابق دوست ممالک کی طرف سے 28 اگست سے چار ستمبر تک کل 35 پروازیں امدادی سامان لے کر اسلام آباد، کراچی اور لاہور پہنچی ہیں۔
اب تک سب سے زیادہ امدادی سامان متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان پہنچایا گیا ہے جو 14 پروازوں کے ذریعے لایا گیا جبکہ ترکی کی جانب سے 11 پروازوں کے ذریعے امدادی سامان پہنچایا گیا ہے۔  
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا ہے کہ 28 اگست کو بیرون ملک سے امدادی سامان کی ترسیل کا کام شروع ہوا۔
متحدہ عرب امارات کی حکومت نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے مسلسل امداد کی پروازیں بھیجی ہیں جس کے تحت اب تک 14 ہوائی جہاز امدادی سامان سے بھرے پاکستان کے مختلف شہروں میں پہنچے ہیں۔  

ترکی کی جانب سے 11 پروازوں کے ذریعے امدادی سامان پہنچایا گیا ہے۔ (فوٹو: اے پی پی)

امدادی سامان میں خیمے، کمبل، اشیائے خورد و نوش، ادویات اور دیگر ضروری اشیا موجود ہیں۔  
چین کی جانب سے امدادی سامان کے چار جہاز، قطر سے تین جہاز جبکہ ازبکستان، فرانس اور یونیسیف کی جانب سے ایک ایک جہاز پر امدادی سامان پاکستان پہنچ چکا ہے۔ جسے این ڈی ایم اے صوبائی حکومتوں کے ذریعے متاثرین میں تقسیم کرے گا۔  
متحدہ عرب امارات کی جانب سے سیلاب متاثرین کی امداد کے سلسلے 14 واں امدادی سامان سے لدا طیارہ اتوار کو لاہور میں پی اے ایف بیس پہنچا۔  
اس موقع پر اماراتی ناظم الامور نے اپنے وفد کے ہمراہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔

ازبکستان، فرانس اور یونیسیف کی جانب سے ایک ایک جہاز پر امدادی سامان پاکستان پہنچ چکا ہے۔ (فوٹو: فرانسیسی سفارت خانہ)

اس ملاقات میں وزیراعظم نے مشکل وقت میں بروقت اور بھرپور تعاون پر متحدہ عرب امارات کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔  
اس کے علاوہ اماراتی سفارت خانے نے مقامی سطح پر سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے اسلام آباد میں خیموں اور کمبلوں کی ایک کھیپ این ڈی ایم اے کے حوالے بھی کی تھی۔  

شیئر: