Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

متحدہ عرب امارات کا پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے ہنگامی امداد کا اعلان

امارات سیلاب متاثرین کے لیے 300 ٹن غذائی اشیا، ادویات، خیمے اوردیگر ضروری اشیا فراہم کرے گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے ہنگامی امداد کی فراہمی کے احکامات دیے ہیں۔
امارات الیوم کے مطابق پاکستان میں تاریخ کے بدترین سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں اور بے گھرہونے والوں کی امداد کے لیے انسانی بنیادوں پرہنگامی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔ 
سیلاب متاثرین کے لیے 300 ٹن غذائی اشیا کے علاوہ طبی ضرورت کے مطابق ادویات، خیمے اوردیگر ضروری اشیا فراہم کی جائیں گی۔
اماراتی امدادی ٹیمیں بھی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پاکستانی این جی اوز کے ساتھ مل کرضرورت مندوں کی مدد کریں گی تاکہ متاثرین کی غذائی اور دیگر ضروریات کو جلد سے جلد پورا کیا جاسکے۔  
یاد رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے جمعے کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی امداد کی درخواست کر رکھی ہے۔
پاکستان کے مخلتف علاقوں میں اس وقت سیلابی صورت حال ہے اور امدادی کارکن متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہزاروں افراد کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس سانحے کے لیے ’موسمیاتی تبدیلی کی ہولناکیوں‘ کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا تھا کہ حالیہ سیلاب سنہ 2010 کی اس قدرتی آفت سے بدتر ہے جس میں تقریباً دو ہزار افراد شدید بارشوں اور سیلاب سے ہلاک ہو گئے تھے۔

شیئر: