عمران خان کی تقریر لائیو دکھانے پر پابندی، عدالت نے درخواست نمٹا دی
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی(فائل فوٹو:اے ایف پی)
اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی تقاریر ٹیلی وژن پر براہ راست دکھانے پر پابندی کے پیمرا کے نوٹیفکشن کے خلاف دائر درخواست نمٹا دی ہے۔
پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی۔
خیال رہے کہ ٹی وی چینلز کی نشریات کی نگرانی کرنے والے ادارے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے 27 اگست کو عمران خان کی تقاریر لائیو نشر کرنے پر پابندی لگائی تھی۔
عمران خان نے اس قبل 20 اگست کو ایف نائن پارک اسلام آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب میں اسلام آباد پولیس سینیئر افسران اور ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’اسلام آباد کے آئی جی، ڈی آئی جی ہم نے آپ کو نہیں چھوڑنا۔ ہم آپ کے خلاف کیس کریں گے۔‘
اس تقریر کے بعد پیمرا نے تمام ٹی وی چینلز کو عمران خان کی براہ راست تقریر اور خطاب نشر کرنے سے منع کر دیا تھا، تاہم عمران خان کی ریکارڈ شدہ تقریر نشر کرنے پر پابندی نہیں لگائی گئی۔
گزشتہ سماعت پر عدالت نے حکم دیا تھا کہ براہ راست تقریر نشر کرنے پر پابندی ختم کی جائے۔
عدالتی حکم پر عمل درآمد کے بعد ہائیکورٹ نے درخواست نمٹا دی۔