پیمرا کا بول نیوز اور بول انٹرٹینمنٹ کی نشریات بند کرنے کا فیصلہ
پیمرا کے مطابق بول انٹرٹینمنٹ کے لائسنس کی 15 سالہ مدت دسمبر 2021 میں ختم ہو گئی تھی۔ (فوٹو: پیمرا)
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے بول نیوز کی نشریات بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پیر کو پیمرا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین محمد سلیم بیگ کی زیر صدارت اجلاس میں بول نیوز اور بول انٹرٹینمنٹ کو جاری شدہ لائسنسز سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’لائسنسز کی منسوخی، وزارتِ داخلہ کی جانب سے سکیورٹی کلیئرنس جاری نہ کرنے کی وجہ سے کی گئی۔‘
بیان کے مطابق ’اتھارٹی نے تمام ریکارڈ عدالتی حکم نامہ اور وزارتِ داخلہ کی طرف سے جاری کردہ مراسلوں کا جائزہ لیتے ہوئے میسرز لبیک پرائیویٹ لمیٹڈ کو جاری لائسنسز (بول نیوز اور بول انٹرٹینمنٹ) کے چینلز کی نشریات فوری طور پر بند کرنے کا حکم دیا۔‘
اتھارٹی کو بتایا گیا کہ میسرز لبیک پرائیویٹ لمیٹڈ کو جاری شدہ لائسنسز اتھارٹی سے 2017 میں 131ویں اجلاس میں منسوخ کر دیے گئے تھے۔
پیمرا کے مطابق بول انٹرٹینمنٹ کے لائسنس کی 15 سالہ مدت دسمبر 2021 میں ختم ہو گئی تھی اور کمپنی نے لائسنس کی تجدید کے لیے اتھارٹی کو کوئی درخواست بھی جمع نہیں کرائی۔