انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں ’سب سے بڑا کار چور‘ گرفتار
پیر 5 ستمبر 2022 18:34
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پولیس کے مطابق انیل 1995 سے ماروتی سمیت دیگر کاریں چرا رہا تھا (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں پولیس نے ’انڈیا کے سب سے بڑے کار چور‘ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو مبینہ طور پر اب تک پانچ ہزار گاڑیاں چُرا چکا ہے۔
انڈین چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق 52 سالہ انیل پرتعیش زندگی گزار رہا تھا اور اس کی دہلی، ممبئی اور دیگر علاقوں میں متعدد جائیدادیں بھی ہیں۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ انیل انڈیا کی تاریخ کا سب سے بڑا کار چور ہے اور وہ گذشتہ 27 برسوں کے دوران پانچ ہزار گاڑیاں چُرا چکا ہے۔
پولیس کا بیان میں کہنا تھا کہ دہلی پولیس نے اس چور کو ایک خفیہ اطلاع پر دیش بندھو گپتا روڈ سے گرفتار کیا ہے۔
انیل کے حوالے سے مزید تفصیلات دیتے ہوئے پولیس نے کہا ہے کہ گرفتار ملزم مبینہ طور پر اتر پردیش سے دیگر ریاستوں میں متعدد تنظیموں کو اسلحہ سمگل کرنے میں بھی ملوث ہے۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انیل 1995 سے ماروتی سمیت دیگر کاریں چرا رہا تھا اور یہ چوری شدہ کاریں وہ مختلف انڈین ریاستوں اور نیپال میں بیچا کرتا تھا۔
انیل کے خلاف ملک بھر میں تقریباً 180 مقدمات درج ہیں۔ پولیس کے مطابق انیل 2015 میں بھی گرفتار ہوچکا ہے اور پانچ سال جیل میں رہنے کے بعد 2020 میں رہا ہوا تھا۔
رپورٹ کے مطابق انیل کی تین بیویاں ہیں اور سات بچے ہیں۔