سعودی وزیر تعلیم کی بالی میں انڈین ہم منصب سے ملاقات
تعلیمی ٹیکنالوجی کو ترقی دینے کے موضوع پر بات چیت کی ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد بن محمد آل الشیخ نے انڈو نیشیا کے شہر بالی میں انڈین وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے ملاقات کی ہے۔
ڈاکٹر حمد بن محمد آل الشیخ جی ٹوئٹنی ممالک کے وزرائے تعلیم کی کانفرنس میں شرکت کے لیے انڈونیشیا میں ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب اور انڈیا کے وزرائے تعلیم نے دونوں دوست ملکوں کے درمیان تعلیمی ٹیکنالوجی کو ترقی دینے کے موضوع پر بات چیت کی ہے۔
انہوں نے معاشرے کو نالج سوسائٹی میں تبدیل کرنے اور 21 ویں صدی کے لیے درکار مہارتوں کے فروغ کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
سعودی وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد آل الشیخ نے دونوں ملکوں کے سکولوں اور جامعات میں بزنس لیڈر تیار کرنے اور انہیں سپورٹ دینے کے موضوع پر بھی بات چیت کی۔
انہوں نے اس حوالے سے سعودی عرب اور انڈیا کے درمیان تجربات کے تبادلے نیز پرائیویٹ سیکٹر کی شراکت سے ترقیاتی و تربیتی پروگرام کے آغاز پر بھی بات چیت کی ہے۔