Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اداکار بھی بننا ہے شاید آپ کو‘،حارث رؤف اور نسیم شاہ کی شاہین شاہ آفریدی سے گفتگو

شاہین شاہ آفریدی اس وقت لندن میں انجری سے صحت یاب ہورہے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی انجری کے باعث ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم کا حصہ نہیں اور اس وقت اپنے علاج کے لیے لندن میں مقیم ہیں۔
لیکن ایشیا کپ نہ کھیلنے کے باوجود بھی نوجوان فاسٹ بولر خبروں کی زینت ہیں اور ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر سوشل میڈیا پر قہقہے بکھیر رہے ہیں۔
پیر کی شب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ کو گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں تینوں پاکستانی فاسٹ بولر الگ مقامات پر اور ہنسی مذاق کے ماحول میں گفتگو کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
بات چیت کا سلسلہ حارث رؤف شروع کرتے اور پوچھتے ہیں ’شاہین بھائی، آپ کیسے ہیں ٹھیک ہیں؟‘ شاہین شاہ آفریدی جواب دیتے ہیں ’اوہ حارث آپ کیسے ہو؟‘
حارث رؤف انجرڈ فاسٹ بولر کو اپنا احوال بتاتے اور ان سے ان کے علاج کے بارے میں پوچھتے ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی اس سوال کے جواب میں حارث رؤف کی تعریف کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’میں نے کل آپ کو میچ میں دیکھا۔ کافی اچھی بولنگ کی۔‘
حارث رؤف اپنی تعریف پر پلٹ کر جواب دیتے ہیں کہ ’بس آپ کے ہی دیے ہوئے گُر ہیں ان ہی کو استعمال کررہے ہیں۔‘
نسیم شاہ انجری کا شکار فاسٹ بولر سے پوچھتے ہیں کہ ان کا علاج کیسا چل رہا ہے؟ شاہین شاہ آفریدی انہیں بتاتے ہیں کہ ’علاج اچھا چل رہا ہے۔ آج ویٹ ٹریننگ کروں گا اور دو ہفتوں بعد بولنگ۔‘
نسیم شاہ انہیں کہتے ہیں کہ وہ فٹ نظر آرہے ہیں اور ایسا انہیں ان کے جسم سے لگ رہا ہے۔
اس موقع پر حارث رؤف کہتے ہیں کہ ’آپ کو بہت شوق ہے سکس پیک بنانے کا؟ اداکار بھی بننا ہے میرے خیال سے بعد میں آپ کو۔‘
ہلکی پھلکی گفتگو ویڈیو کے آخر میں اس وقت سنجیدہ ہوتی ہوئی نظر آئی جب شاہین شاہ آفریدی نے حارث رؤف کو اختتامی اوورز میں یارکرز کرنے کا مشورہ دیا۔
ویڈیو کے اختتام پر انجری کا شکار فاسٹ بولر کہتے ہیں ’اپنا خیال رکھو۔ ایشیا کپ ہاتھ سے جانا نہیں چاہیے۔‘

شیئر: