Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’شاہین کو منع کیا تھا ڈائیو مت مارے، لیکن وہ بھی آفریدی ہے‘

وراٹ کوہلی نے آخری مرتبہ سنچری بنگلہ دیش کے خلاف 2019 میں بنائی تھی (فائل فوٹو: کرِک انفو)
پاکستان کے سپر سٹار کھلاڑی اور سابق کپتان شاہد ’بوم بوم‘ آفریدی کرکٹ کے میدان کے باہر بھی عوام میں اسی طرح بے حد مقبول ہیں۔
اتوار کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شاہد آفریدی نے سوالات جوابات کا سلسلہ رکھا جس میں ہزاروں کی تعداد میں ان کے مداحوں نے سوالات پوچھے۔
اسی دوران ایک مداح نے شاہد آفریدی سے انڈین سٹار بیٹر وراٹ کوہلی کی فارم کے بارے میں پوچھا کہ ’وراٹ کوہلی نے ایک ہزار دن سے سنچری نہیں بنائی، اس پر آپ کی کیا رائے ہے؟‘
جس کے جواب میں بوم بوم آفریدی نے کہا کہ ’بڑے پلیئرز کا مشکل وقت میں ہی پتا چلتا ہے۔‘
خیال رہے انڈین بیٹر وراٹ کوہلی نے آخری مرتبہ سنچری بنگلہ دیش کے خلاف 2019 میں بنائی تھی جس کے بعد سے لے کر وراٹ کوہلی اب تک کوئی سنچری نہیں بنا سکے ہیں۔
شاہد آفریدی کے ٹوئٹر پر سوالات اور جوابات کے اس سیشن میں صارفین کی جانب سے کئی دلچسپ سوالات بھی پوچھے گئے۔
عطیہ نے شاہد آفریدی کے کہا کہ انہیں پنجابی میں جواب میں دیں، جس پر شاہد آفریدی نے جواب دیا ’کی حال اے تواڈا۔‘
علشبہ نے شاہد آفریدی سے بریانی کے بارے میں پوچھا کہ بریانی آلو والی ہونی چاہیے آلو کے بغیر؟ جس پر شاہد آفریدی نے کہا کہ ’آلو والی لیکن آلو نرم ہونا چاہیے۔‘
 
ابوبکر جاوید نے بوم بوم سے کہا کہ ’لالہ شاہین تو انجرڈ ہے، آپ ہی ریٹائرمنٹ واپس لے لیں۔‘
اس کے جواب میں شاہد آفریدی بولے ’میں نے اس کو پہلے بھی منع کیا تھا کہ ڈائیو مت مارے، انجری ہوسکتی ہیں، آپ فاسٹ بولر ہو، لیکن بعد میں مجھے سمجھ آئی کہ وہ بھی آفریدی ہی ہے۔‘
 
ماریہ حمید نے شاہد آفریدی سے پوچھا کہ لالہ کیا آپ جنوبی پنجاب میں سیلاب کی صورتحال کے بارے میں جانتے ہیں؟‘
اس کے جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ ’میں صورتحال کے بارے  میں کافی جانتا ہوں۔ ہم لوگوں کی مدد کرنے کے لیے اپنی پوری کوشش کررہے ہیں۔ آپ لوگوں کے بھی تعاون کی ضرورت ہے۔‘

 

شیئر: